اکثریت ثابت ہونے تک ہوٹل میں ہی رہیں گے تمام اراکین اسمبلی، شرد پوار کے گھر میں میٹنگ جاری
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق جب تک شیوسینا، کانگریس اور این سی پی کی مشترکہ حکومت مہاراشٹر میں تشکیل نہیں پا جاتی اور اکثریت اسمبلی میں ثابت نہیں ہو جاتی، اس وقت تک ان تینوں پارٹیوں کے ہی اراکین اسمبلی کو ہوٹل میں رکھا جائے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ شیوسینا، کانگریس اور این سی پی تینوں ہی پارٹیاں کوئی جوکھم مول نہیں لینا چاہتیں اور اپنے اراکین اسمبلی پر سخت نظر رکھے ہوئی ہیں۔
این سی پی سربراہ شرد پوار کے گھر پر تینوں پارٹیوں (این سی پی، کانگریس، شیوسینا) کی میٹنگ 12 بجے شروع ہو گئی۔ تینوں پارٹیوں کے بڑے لیڈران اس میٹنگ مین شامل ہوئے ہیں۔ کانگریس کی طرف سے ملکارجن کھڑگے، احمد پٹیل اور کے سی وینوگوپال کے شامل ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ خبروں کے مطابق میٹنگ میں ادھو ٹھاکرے کی حلف برداری تقریب میں کسے مدعو کیا جائے، اس پر بات چیت ہوگی۔ بتایا جا رہا ہے کہ حلف برداری تقریب میں اپوزیشن کے سبھی بڑے لیڈران اور مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کو شامل ہونے کی دعوت دی جائے گی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق میٹنگ میں ادھو ٹھاکرے کابینہ کی شکل و شباہت کے تعلق سے بھی بات چیت ہوگی اور یہ فیصلہ لیا جائے گا کہ کون سے لیڈر وزارتی عہدہ کے لیے حلف لیں گے۔ اجیت پوار ٹھاکرے کابینہ میں شامل ہوں گے یا نہیں، اس سلسلے میں بھی میٹنگ میں غور و خوض ہو سکتا ہے۔
سی پی ایم کا کہنا ہے کہ وہ مہاراشٹر حکومت کا حصہ نہیں ہوگی
مہاراشٹر میں ادھو ٹھاکرے کے ذریعہ وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے سے پہلے مہاراشٹر سی پی ایم کا ایک بیان سامنے آیا ہے۔ سی پی ایم نے اس بیان میں کہا ہے کہ وہ حکومت کا حصہ نہیں ہوگی، لیکن فلور ٹسٹ کے دوران شیوسینا-کانگریس-این سی پی کی مخالفت بھی نہیں کرے گی۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر میں سی پی ایم کا ایک ہی رکن اسمبلی ہے۔