انجمن ترقی اردو ہند(شاخ) گلبرگہ کی جانب سے نو منتخب MLA کنیز فاطمہ کی تہنیت
گلبرگہ: یکم جون۔ ڈاکٹر انیس صدیقی معتمد انجمن کی اطلاع کے بموجب کرناٹک اسمبلی انتخابات 2023 میں حلقہ اسمبلی گلبرگہ (شمال) سے محترمہ کنیز فاطمہ کی دوسری مرتبہ شاندار کامیابی کے پر مسرت موقع پر انجمن ترقی اردو ہند (شاخ) گلبرگہ کی مجلس عاملہ کے عہدہ داران و اراکین نے محترمہ کنیز فاطمہ اور جناب فراز الاسلام کی شال پوشی کی اور گل پوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی۔
اس تقریب میں جناب محمد مجیب احمد(خازن)، جناب خواجہ پاشاہ انعام دار(نائب صدر)، ڈاکٹر محمد افتخار الدین اختر(معتمد تنظیمی)،ڈاکٹر پیر زادہ فہیم الدین(صدر انجمن)، محترمہ کنیز فاطمہ، جناب فراز الاسلام جناب اسد علی انصاری(رکن عاملہ)، جناب میر شاہ نواز علی خان شاہین(نائب صدر) اور ڈاکٹر انیس صدیقی(معتمد) کے علاوہ انجن کے بہی خواہ جناب واحد علی فاتحہ خوانی، چیئرمین، ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی، مینارٹی ڈپارٹمنٹ، گلبرگہ شریک تھے۔
جناب واحد علی فاتحہ خوانی نے محترمہ کنیز فاطمہ کو بتایا کہ گذشتہ مالی سال میں مالگتی روڈ پر موقوعہ انجمن کے پلاٹ پر ‘قمر الاسلام اردو ہال’ کی تعمیر کے لیے جو دس لاکھ منظور کیے گئے تھے، اس میں 5 لاکھ کا ٹینڈر ہوگیا ہے اور تعمیری کام بہت جلد شروع ہوگا۔
محترمہ کنیز فاطمہ نے تیقن دیا کہ آنے والے 5 برسوں میں انجمن کی مجوزہ عمارت کی مکمل تعمیر کے لیے وہ ممکنہ تعاون کریں گی۔ اس تیقن پر عہدیداران و اراکین انجمن نے میڈم سے اظہار تشکر کیا۔