گلبرگہ: بالڈون پبلک ہائی اسکول میں 10ویں جماعت طلباء کیلئے وداعی تقریب
گلبرگہ: 12/مارچ(پی این) شہر گلبرگہ کے بالڈون پبلک ہائی اسکول میں دسویں جماعت کے طلباء کے لے اساتذہ اور مینجمنٹ کی جانب سے الوداعی تقریب منعقد ہوئی۔اس الوداعی تقریب میں وارڈ نمبر 15 کے کارپوریٹر محترمہ نجمہ طاہر علی کے ساتھ ، وارڈ نمبر 15 کے کانگریس لیڈر طاہر علی نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔
محترمہ وسیعہ چئیرمین آف ہیرا پبلک اسکول، محترمہ امۃال (Dental surgeon) ,اور عائشہ فاطمہ NCC نیشنل گولڈ میڈلسٹ نے بھی بحیثیتِ مہمان خصوصی شرکت کی۔ طلباء کی ہمت افزائی کے لیے والدین اور دیگر مہمان بھی بڑی تعداد میں اس تقریب میں شریک رہے۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، قرآن کریم کی تلاوت جماعت ہشتم کے عبیدالرحمن نے کی ،اس کے بعد مہمانان خصوصی کو مومنٹو دئیے گئے۔ مہمانان کے ہاتھوں دسویں جماعت کے طلباء نے اعزازات حاصل کیے۔ اس تقریب میں طاہر علی نے طلباء کو مسلمانوں کی تاریخ سے واقف رہنے کی تلقین کی اور ساتھ ہی والدین کو طلباء کی تعلیم کی فکر کرنے پر ابھارا۔ محترمہ امۃال نے دنیا میں ترقی کرنے کے ساتھ اسلامی شناخت برقرار رکھنے کی تلقین کی، عائشہ فاطمہ اور وسیعہ نے طلباء کی ہمت افزائی کی اور امتحان میں کامیابی کے لئے دعاؤں سے بھی نوازا۔
اس موقعہ پر طلباء نے شریک مہمانوں کے روبرو کلچرل پروگرام بھی پیش کیے۔ پروگرام کے نظامت کی ذمہ داری ثنا خانم جماعت نہم نے سنبھالی۔ ہیڈ ماسٹر آف بالڈون پبلک اسکول شاذیہ سمرین اور واجد الحسن کی ہدیہ تشکر کے ساتھ یہ الوداعی تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ (رپورٹ: ثناءاللہ شفیق رامپوری)