ادھو ٹھاکرے کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے شرد پوار خود سونیا کو دیں گے دعوت
ادھو ٹھاکرے کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے شرد پوار خود سونیا گاندھی کو دعوت دیں گے۔ حلف برداری 28 نومبر کو ہوگی اور اس سے پہلے احمد پٹیل کے ساتھ کے سی وینوگوپال ممبئی پہنچ گئے ہیں۔ آج دوپہر تقریباً 2 بجے تینوں پارٹیوں (شیوسینا، کانگریس، این سی پی) کی میٹنگ ہوگی۔ خبروں کے مطابق اس میٹنگ میں وزارتوں کی تقسیم کو لے کر بات چیت ہو سکتی ہے۔
شرد پوار کی رہنمائی اور سونیا گاندھی کے تعاون سے بالا صاحب ٹھاکرے کا خواب پورا ہوا: نیلم گورہے
اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں شریک ہونے پہنچیں شیوسینا کی سینئر لیڈر نیلم گورہے نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں کافی خوشی ہے کہ آخر بالا صاحب ٹھاکرے کا خواب پورا ہونے جا رہا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’مہا وکاس اگھاڑی کے لیڈر ادھو ٹھاکرے رہیں گے۔ شرد پوار کے بتائے راستے اور سونیا گاندھی کے تعاون کے سبب اب ہم مہاراشٹر کے لیے بہتر کام کر سکیں گے۔‘‘۔
نائب وزیر اعلیٰ کے لیے کانگریس میں ابھی کوئی نام فائنل نہیں: بالا صاحب تھوراٹ
مہاراشٹر کانگریس کے صدر بالا صاحب تھوراٹ نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ فی الحال نائب وزیر اعلیٰ کے لیے پارٹی میں کوئی نام فائنل نہیں ہوا ہے۔ واضح رہے کہ شیوسینا کی طرف سے ادھو ٹھاکرے کے بطور وزیر اعلیٰ نام فائنل ہو گیا ہے جب کہ کانگریس اور این سی پی کی طرف سے ایک ایک نائب وزیر اعلیٰ بنائے جانے کی بات ہے اور ان دونوں پارٹیوں نے ابھی کوئی فائنل نام ظاہر نہیں کیا ہے۔
اسمبلی میں اجیت پوار کا سپریا سولے نے کیا استقبال، گلے مل کر کیا مسرت کا اظہار
آج اسمبلی میں جب این سی پی لیڈر اجیت پوار پہنچے تو ان کا استقبال ان کی چچازاد بہن اور این سی پی لیڈر سپریا سولے نے کیا۔ اجیت پوار نے سپریا کو گلے لگایا اور پھر ایک ویڈیو میں سپریا سولے اجیت پوار کا پیر چھوتی ہوئی بھی نظر آئیں۔ قابل ذکر ہے کہ اجیت پوار کے بی جے پی سے ہاتھ ملانے کی خبر کے بعد سپریا سولے کافی مایوس تھیں۔
اسمبلی میں مہاراشٹر کے نومنتخب اراکین اسمبلی کی ہو ئی حلف برداری
مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے ذریعہ بلائے گئے خصوصی اسمبلی اجلاس میں ریاست کے نومنتخب اراکین اسمبلی کو حلف دلایا گیا۔ این سی پی لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے ساتھ ساتھ بی جے پی لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے حلف لے لیا ہے۔