ریاستوں سےمہاراشٹرا

کولہا پور میں سیلاب متاثرین کے لئے مکانات کی تعمیر کے سنگ بنیاد، سید ضمیر قادری کا خطاب

’جماعت ہمیشہ وطن عزیز کی خدمت میں سرگرم عمل ہے‘: نائب امیر حلقہ جماعت اسلامی مہاراشٹر سید ضمیر قادری

کولہا پور: 27/ جنوری (پریس ریلیز) جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر اور آئیڈیل ریلیف کمیٹی ٹرسٹ نے کولہاپور ضلع میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لئے مکانات کی تعمیر 26 جنوری 2020 کو سنگ بنیاد رکھا۔ اس منصوبہ کیلئے آئیڈیل ریلیف کمیٹی ٹرسٹ اور ضلع پریشد کولہاپور کے مابین 20 جنوری 2020 کو ایک مفاہمت نامے پر دستخط ہوئے تھے ۔ جس کے مطابق کولہا پور ضلع کے گاؤں کنواڑ کو جماعت نے مکانات کی تعمیر کے لئے منتخب کیا تھا۔

سنگ بنیاد کے لیے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا اور گائوں کے ۳۸ ؍ سیلاب متاثرین کیلئے مکانات کی تعمیر کی شروعات اَنل بھیمو شاہ پورے کے مکان کا سنگ بنیاد رکھ کر کی گئی ۔ جس میں جماعت اسلامی ھند مہاراشٹر کے نائب امیر سید ضمیر قادری ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کشور کالے، شنکر کویتکے بی ڈی او ، سماجی کارکن چندر کانت یادو اور غنی اجریکر مسلم بورڈنگ کولہاپور، انجینئر آصف جمعدار اور باباصاحب ارسگنڈا سرپنچ کنواڈ مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔ ابتدائی مرحلے میں 38 سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لئے مکانات تعمیر کیے جائیں گے اور پینے کے صاف پانی کے لئے 2 پیوریفائر سسٹم فراہم کیے جائیں گے ۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد مظہر فاروق سکریٹری شعبہ خدمت خلق جماعت اسلامی مہاراشٹر نے سیلاب کے دور میں جماعت کے ذریعہ کئے گئے کاموں کا جائزہ اور مکانات کی تعمیر کا منصوبہ پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سلاب کے بعد ہم لوگ کشتیوں کے ذریعہ مہیشال گائوں سے کنواڑ پہنچے اور مذہب و ذات پات اور تمام طرح کی تفریق مٹاکر ہم نے لوگوں کی مدد کی ۔ اب ہم اس گائوں کو ایک مثالی گائوں بنانا چاہتے ہیں ، مثالی گائوں صرف صفائی ستھرائی ، اچھے راستے ، کشادہ مکانات و دیگر سہولیات مہیا کرنے سے ہی نہیں بنتا بلکہ یہاں بسنے والے ہر طبقے و سماج کے لوگ اپنے دل کو بھی رکھیں ، ہر شخص ایک دوسرے کی مدد کے لیے آگے بڑھے ، دوسرے کے دکھ درد کو اپنا درد سمجھے اور اتحاد و یکجہتی کی مثال پیش کرے توہمیں خوشحال بھارت اس گائوں میں نظر آئے گا اس کے لیے ہم سب ملکر کوشش کریں گے ۔

کنواڑ کے سرپنچ ارس گنڈا نے جماعت کے رضاکاروں کے جذبہ خدمت سے متاثر ہوکر کہا کہ یہ لوگ اپنے اندر انسان دوستی اور خدمت کا جنون رکھتے ہیں ۔ یہ تنظیم (جماعت اسلامی) ذات پات اور مذہب کو فراموش کرتے ہوئے ایک عرصہ سے خدمت خلق میں مصروف ہے جب بھی ہم نے انہیں آواز دی وہ ہماری مدد کیلئے حاضر رہے ۔ انہوں نے ہماری مدد کو فوقیت دی ۔ اس کے علاوہ مقامی نوجوانوں سمیت سبھی نے جماعت کے جذبہ خدمت خلق کی توصیف کی۔ کشور کالے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولس جئے سنگھ پور نے کہا کہ اگست ۲۰۱۹ کے سیلاب میں بہت سی تنظیموں اور این جی اوز نے متاثرین کی مدد کی مگر اس میں جماعت اسلامی کا کام نمایاں ہے ۔ اس کام میں جب بھی کوئی ضرورت ہوئی انتظامیہ کی طرف سے ہم بھرپور تعاون کریں گے۔

جماعت اسلامی مہاراشٹر کے نائب امیر حلقہ سید ضمیر قادری نے کہا کہ جماعت ہمیشہ وطن عزیز کی خدمت میں سرگرم عمل ہے ۔ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات ہمیں اس کام کو کرنے کی ترغیب دیتی ہیں ۔ لہذا ہم اللہ کی رضا کی خاطر یہ خدمات انجام دے رہے ہیں اور یہ ہمارے منصوبے کا حصہ ہے ۔ انہوں نے یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ ماحولیات کا خیال رکھیں تاکہ یہ صورتحال دوبارہ پیدا نہ ہو ۔
پروگرام کی نظامت ناظم علاقہ کولہاپور ندیم صدیقی نے کی اور اس موقع پر انور پٹھان، اشفاق پٹھان ، اسمعیل شیخ ، عقیل علی انعامدار و اختر پٹیل موجود تھے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!