تلنگانہریاستوں سے

یاقوت پورہ: جماعتِ اسلامی کا جلسہ استقبالِ رمضان

مسلمان عزم کریں کہ رمضان المبارک میں ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کریں گے :  مولانا حامد محمد خان

روزہ حصول تقوی کا اہم ترین ذریعہ :  مفتی عبدالفتاح سبیلی

حیدرآباد: 4/مارچ (پی آر) کچھ ہی دنوں میں ہم پر رمضان المبارک جیسا عظیم مہینہ سایہ فگن ہونے جا رہا ہے، اس ماہ کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے عظیم المرتبت قرار دیا ہے۔ یہ وہ مہینہ ہے جسے برکت والا مہینہ قرار دیا گیا اس کا ہر لمحہ ہر ساعت خیر و برکت ہے۔ لہذا مسلمان اس ماہ کا احترام کریں۔ لہو لعب اور فضولیات سے پرہیز کریں۔ مسلمان ابھی سے عزم کر لیں کہ وہ رمضان المبارک میں ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حامد محمد خان مرکزی سکریٹری جماعت اسلامی ہند و سابق امیر حلقہ تلنگانہ نے جماعت اسلامی ہند یا قوت پورہ کے زیر اہتمام سعید ولا فنکشن ہال رین بازار میں منعقدہ جلسہ استقبال رمضان المبارک میں اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔

مولانا نے کہا کہ یہ صبر کا مہینہ ہے اور صبر کا بدلہ جنت ہے اس ماہ میں جنت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں دوزخ کے دروازے بند کر دیئے جاتے ہیں اور شیاطین کو قید کر دیا جاتا ہے۔مولانا نے روزے داروں کی فضیلت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جنت کے آٹھ دروازے میں سے ایک دروازہ ریان بھی ہے جس میں سے صرف روزہ دار داخل ہوں گے اور ان کا استقبال کیا جائے گا۔سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے مولانا نے کہا کہ اس ماہ کا پہلا حصہ رحمت، دوسرا حصہ مغفرت اور تیسرا حصہ جہنم سے نجات کا ہے مولانا نے کہا کہ ہم معمولی معمولی باتوں کو بہانہ بنا کر روزہ نہ چھوڑیں، روزہ خور لوگوں کا سخت انجام بتایا گیا ہے۔مولانا نے کہا کہ روزہ خدا خوفی کا نام ہے اس ماہ میں ہم اللہ سے لو لگائیں اور قران مجید کی خوب تلاوت کریں اور اللہ کا قرب حاصل کریں۔

مہمان مقررمولانا مفتی عبدالفتاح سبیلی (وفاق العلماء تلنگانہ) نے اپنے خطاب میں کہا کہ روزہ اس لیے فرض کیا گیا ہے کہ ہم میں تقوی کی صفت پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم رمضان المبارک میں قران کریم کی خوب تلاوت کریں قران کے احکامات کو جانیں،غور و فکر کریں اس پر عمل کریں اور ساری دنیا پر اس کو نافذ کرنے کی کوشش کریں۔ مولانا سبیلی نے کہا کہ انسان کی آخری منزل جنت ہے اور جنت متقیوں کے لیے بنائی گئی ہے۔ مولانا نے نصیحت کی کہ ہم رمضان المبارک میں لڑائی جھگڑے،اختلافات اور ایک دوسرے کی حق تلفی سے دور رہیں۔رمضان المبارک کو مسلمان اس طرح گزاریں کہ ساری دنیا میں الہ واحد،اللہ کی پرستش کا ماحول پیدا ہوجائے۔

ڈاکٹر نعمان حسن رضوی سکریٹری DARE نے اس موقع پر روزے کی زندگی پر مثبت اثرات اس عنوان پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ روزہ کئی طرح سے بہتر صحت کا ضامن ہے انہوں نے کہا کہ روزے کے اثرات انسانی صحت پر رمضان کے بعد بھی ظاہر ہوتے ہیں۔ موصوف نے کہا کہ روزے کی وجہ سے انسانی جسم کی اضافی چربی میں کمی کے علاوہ کولیسٹرال، ذیابطیس اور دیگر امراض پر بھی قابو پایا جا سکتا ہے انہوں نے رمضان المبارک کے علاوہ عام مہینوں میں بھی پیر اور جمعرات کے نفلی روزے رکھنے کا مشورہ دیا انہوں نے کہا کہ رمضان میں تلن کی چیزوں سے پرہیز کریں اور سادہ غذا استعمال کریں۔

امیر مقامی محمد عماد الدین نے افتتاحی کلمات پیش کیے اور رمضان المبارک کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مولانا محمد عبدالحفیظ عظیمی (رکن مقامی شوری) نے سورہ بقرہ کی آیات سے درس قران پیش کیا۔ ماسٹر عفان فہیم نے ترانہ پیش کیا۔محمد حسام الدین متین نے پروگرام کی کاروائی چلائی۔جناب محمد ذکی الدین تنظیمی سکریٹری کے کلمات تشکر ودعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔ جلسہ میں کثیر تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!