ریاستوں سےمہاراشٹرا

بی جے پی نے پوار کے سامنے گھٹنے ٹیکے، فڑنویس نے صرف 3 دن میں ہی دیا استعفی

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ فڑنویس نے حلف اٹھانے کے صرف تین دن بعد ہی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، سپریم کورٹ نے آج ہی بدھ کے روز فلور ٹیسٹ کا حکم دیا لیکن انہوں نے اس کا انتظار کیے بغیر ہی عہدہ چھوڑ دیا۔

ممبئی: مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ فڑنویس نے حلف اٹھانے کے صرف تین دن بعد ہی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، سپریم کورٹ نے آج ہی بدھ کے روز فلور ٹیسٹ کا حکم دیا لیکن انہوں نے اس کا انتظار کیے بغیر ہی عہدہ چھوڑ دیا۔ نائب وزیر اعلی اجیت پوار بھی ان سے پہلے ہی استعفی دے چکے ہیں۔ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ دیویندر فڑنویس اور اجیت پوار کو لگا کہ وہ فلور ٹیسٹ میں اپنی اکثریت ثابت نہیں کر سکتے ہیں اور اسی وجہ سے ان دونوں نے اہنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔

اپنے استعفے کا اعلان کرنے سے پہلے دیویندر فڑنویس نے ریاست میں عدم استحکام کے لئے شیوسینا کو مورد الزام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مل کر انتخاب لڑا تھا اور اکثریت حاصل کی تھی اور عوام نے 105 نشستیں دے کر ہمیں مزید تعاون دیا، لیکن شیوسینا یہ دیکھ کر کہ اس کے بغیر حکومت نہیں بن سکتی ہے، وہ وزیراعلیٰ کے مطالبے پر بضد ہو گئی، جبکہ ایسا کوئی وعدہ نہیں کیا گیا تھا۔ شیوسینا نے حکومت بنانے کے لئے ہم سے بات کرنے کی بجائے این سی پی سے بات کی۔ فڑنویس نے شیوسینا پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جن لوگوں کے بارے میں سنا تھا کہ وہ ’ماتو شری‘ سے باہر نہیں نکلے، وہ باہر جاکر تمام لوگوں سے ملاقاتیں کرتے رہے۔

واضح رہے کہ ہفتہ کے روز سب کو حیرت زدہ کرتے ہوئے دیویندر فڑنویس نے وزیر اعلیٰ اور اجیت پوار نے نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لے لیا تھا۔ دیویندر فڑنویس نے اس وقت کہا تھا کہ اجیت پوار نے این سی پی کے ایم ایل اے کی حمایت کا خط پیش کیا ہے اور ان کے پاس اکثریت کا ہدف موجود ہے۔ تاہم، اس کے فورا بعد ہی این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے کہا کہ یہ اجیت پوار کا ذاتی فیصلہ ہے اور پارٹی اس سے اتفاق نہیں کرتی ہے۔

اس کے بعد، اگلے چند گھنٹوں میں شرد پوار نے شیوسینا کے چیف ادھو ٹھاکرے کے ساتھ پریس کانفرنس کی اور ان کے پاس اکثریت ہونے کا دعوی کیا۔ ہفتے کی شام تک شرد پوار نے اجیت پوار خیمہ میں جانے والے تقریباً نصف ایم ایل اے کو اپنے خیمہ میں واپس بلا لیا۔ بعد ازاں، شیوسینا، کانگریس اور این سی پی نے ممبئی کے ایک ہوٹل میں 162 ایم ایل اے کی پریڈ کرا دی، اجیت پوار کے علاوہ این سی پی کے تمام ایم ایل اے بھی اس دوران موجود تھے۔

شیو سینا کے طاقت کا مظاہرہ کرنے کے بعد سے ہی خیال کیا جارہا تھا کہ دیویندر فڑنویسو اور اجیت پوار کا اکثریت ثابت کرنا بہت مشکل ہوگا۔ سپریم کورٹ نے منگل کے روز جب بدھ کو ہی فلور ٹسٹ کرانے کا حکم دیا تو پھر فڑنویس اور اجیت پوار کے لئے اکثریت کا ہدف حاصل کرنے ناممکن سا ہو گیا۔ عدالت عظمی کے فیصلے کے فورا بعد ہی اجیت پوار نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کرے استعفیٰ انہیں اپنا استعفی سونپ دیا اور پھر دیویندر فڑنویس نے بھی استعفیٰ کا اعلان کر دیا۔ اس طرح، مہاراشٹر میں ڈرامائی پیشرفتوں کا اختتام استعفوں کے ساتھ ہو گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!