ضلع بیدر سے

ذہین طلبہ کو اسکالرشپ: لیڈ ٹرسٹ نے الامین ڈگری کالج، بیدرمیں ٹسٹ کاکیاانعقاد

بیدر: 24/نومبر (وائی آر) ذہین طلبہ کولے کر انہیں تعلیم کے میدان میں آگے بڑھانے کے مقصد سے دہم کامیاب طلبہ میں کروڑہاروپئے کی اسکالرشپ تقسیم کرنے کو لے کر بنگلور بنیاد این جی او لیڈ ٹرسٹ کی جانب سے الامین ڈگری کالج، بیدرکے کیمپس میں دہم جماعت کے طلبہ سے اتوارکو امسال کا LTSE2020 ٹسٹ لیاگیا۔

ڈھائی گھنٹہ پرمشتمل اس 11ویں ٹسٹ میں دہم جماعت سے متعلق کیمسٹری، فزکس، جنرل نالج کے علاوہ انجینئرنگ کرنے کے خواہشمند طلبہ کے لئے حساب (ریاضی)جبکہ میڈیکل کے خواہشمند طلبہ کے لئے بیالوجی کاامتحان رکھاگیاتھا۔ مذکورہ چار پرچہ جات کے جملہ نشانات 80ہوتے ہیں۔ یہ بات انجینئر مبشرسندھے،خازن الامین کمیٹی بیدر نے صحافیوں کو بتائی اور کہاکہ آج جملہ 279طلبہ نے امتحان دیا۔

یہ طلبہ بیدر، اوراد، بیدر کے اطراف واکناف کے ہائی اسکول کے علاوہ حیدرآباد سے بھی امتحان دینے بیدر تشریف لے آئے تھے۔ جن میں طالبات کی تعداد35فیصد تھی۔ سال گذشتہ کے مقابلے اس سال ڈھائی گنا زائد طلبہ نے امتحان لکھاہے۔اس اسکالرشپ انٹرنس ٹسٹ کے بعد پی یوسی کی دوسالہ تعلیم اور IIT /JEE/NEET میں لیڈٹرسٹ تعاون عمل دیتاہے۔ لیڈٹرسٹ کو امید ہے کہ یہ ذہین طلبہ اپنے آپ کو منوائیں گے اور اس سال بھی لیڈٹرسٹ سے تعلیمی فوائد حاصل کریں گے۔

واضح رہے کہ ریاست کرناٹک میں 50سے زائد مقامات پر دہم جماعت کے طلبہ سے یہ ٹسٹ لیاگیاہے۔کہاجارہاہے کہ گزشتہ ایک دہائی سے ملت کے ذہین نوجوانوں کی خدمت میں لیڈٹرسٹ پیش پیش رہا ہے۔ اب تک ہزاروں طلبہ استفادہ کرچکے ہیں اور یہ سنہرا سلسلہ جاری وساری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!