بیدر: شعیب خان اور طارق اعجازکی کامیابی پر محبان اردو کی جانب سے تہنیتی تقریب کا انعقاد
بیدر: 25/ نومبر (اے این) محمد شعیب خان ولدقادر خان نے بی فارمیسی میں امتیازی نمبرات سے کامیابی حاصل کی اور ہیٹرو اندھیری ممبئی میں ٹرنینگ کے اختتام پر گولڈ میڈل سے نوازا گیا، طارق اعجاز ولد محمد افضل نے BEمیں امتیازی نمبرات سے کامیابی حاصل کی۔ ان دونوں کی تہنیت کے لیے محبان اردو نے خان منزل میں ایک تہنیتی نشست منعقد کیا،جس کی صدارت ظہیراحمدخان صاحب نے کی۔
انہوں نے صدارتی کلمات میں کہا کہ سچی لگن انسان کو مقام عروج پر پہنچا دیتی ہے، بہت سے اخبار فروش آج کالجز اور یونیورسٹیز کے پروفیسر ہیں، علم کو جو گلے لگاتا ہے وہ اس کو ثریا تک پہنچا دیتا ہے۔ مفتی افسر علی نعیمی ندوی مہمان نے محمد شعیب خان ولدقادر خان اورطارق اعجاز ولد محمد افضل کی گل پوشی کی، شیرینی کھلائی، انہوں نے ان کی کامیابی پر ان کو اور ان کے والدین کو مبارکباد دی اور دعاؤں سے نوازا۔
ظہیر الدین انجینئر اورنگ آباد نے کہا کہ ابتدائی تعلیم اچھا ہوتو اعلیٰ تعلیم میں اس سے بہت فائدہ ہوتا ہے، نظام الاوقات کے تحت عمل کرنا بہت ضروری ہے، دنیا کے ساتھ ساتھ دین بھی ضروری ہے، روزانہ قرآن کی تلاوت کریں اور طریقہ نبوی کے مطابق اپنی زندگی بسر کریں۔ جمیل سر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آدم ؑ کو علم ہی کی بدولت فرشتوں پر فضیلت بخشی، تعلیم کے ساتھ تربیت بہت ضروری ہے۔
قابل مبارک باد ہیں قادر خان اور ان کی اہلیہ کہ انہوں نے بچہ کی اچھی تعلیم وتربیت دی ہے۔اس موقع پر اسلم صاحب، غوث الدین، محمد غلام حیدر اور دیگر موجود رہے، مفتی افسر علی نعیمی ندوی کی تلاوت کلام اللہ سے نشست کا آغاز ہوا، الحاج محمد شفیع الدین نے نعت پاک پیش کی، قادر خان کے کلمات تشکر پر نشست اختتام کو پہنچی۔
ماشاء اللہ بہت خوب