بلڈنگ سے ہوئی نوٹوں کی بارش، لوٹنے کے لیے لوگوں میں مچی افراتفری
کولکاتا: مغربی بنگال میں کولکاتا کی ایک سڑک پر اچانک ایک بلڈنگ سے نوٹوں کی بارش شروع ہو گئی جس کی وجہ سے لوگوں میں افرا تفری مچ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے وہاں پیسہ لوٹنے والوں کی بھیڑ لگ گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ کولکاتا کی بینٹک اسٹریٹ پر پیش آیا جہاں 100، 200، 500 اور 2000 روپے کے کھلے نوٹوں کے ساتھ ساتھ نوٹوں کے کئی بنڈل بھی گرے۔ اس دوران جسے جو ہاتھ لگا، وہ لے کر نکل گیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق بینٹک اسٹریٹ واقع کمرشیل بلڈنگ ایم کے پوائنٹ میں حق مرچنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے دفتر میں چھاپہ مارنے ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلیجنس (ڈی آر آئی) کے افسران پہنچے تھے۔ جیسے ہی وہاں کے ملازمین کو یہ خبر ملی کہ کمپنی میں غیر قانونی ڈھنگ سے پیسے کا لین دین ہو رہا ہے، تو ڈی آر آئی کی ٹیم دفتر پہنچی۔ وہاں کے لوگ پریشان ہو گئے اور اسی وجہ سے ان لوگوں نے بلڈنگ کی کھڑکی سے نوٹوں کے بنڈل نیچے پھینکنے شروع کر دیے۔