مہاراشٹر میں بی جے پی کو جھٹکا! حکومت سازی کو لے کر شیوسینا نے دیا بڑا بیان
شیوسینا لیڈر اور رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے میڈیا کو دیئے گئے اپنے ایک بیان میں واضح کر دیا ہے کہ مہاراشٹر میں حکومت سازی کا عمل جاری ہے اور یکم دسمبر سے پہلے یہ عمل مکمل ہو جائے گا۔
مہاراشٹر میں حکومت سازی کو لے کر ہلچل تیز تر ہو گئی ہے۔ اس درمیان شیوسینا کے سینئر لیڈر سنجے راؤت نے بڑا بیان دیا ہے۔ انھوں نے صاف کر دیا ہے کہ مہاراشٹر میں حکومت بنانے کا عمل جاری ہے اور بہت جلد یہ مکمل ہو جائے گا۔ راؤت نے کہا کہ ریاست میں یکم دسمبر سے پہلے سبھی چیزیں صاف ہو جائیں گی کیونکہ شیوسینا، این سی پی اور کانگریس کے لیڈروں کی میٹنگیں ممبئی میں بہت جلد ہونے والی ہے۔
اس سے قبل بدھ کو بھی حکومت سازی کو لے کر سنجے راؤت نے بیان دیا تھا اور کہا تھا کہ ادھو ٹھاکرے کی قیادت میں بہت جلد ریاست میں حکومت تشکیل دی جائے گی۔ انھوں نے صاف لفظوں میں کہا تھا کہ ’’حکومت بنانے کا عمل اگلے پانچ چھ دنوں میں پورا ہو جائے گا اور دسمبر سے پہلے مہاراشٹر میں ایک مقبول اور مضبوط حکومت تشکیل دی جائے گی۔ حکومت سازی کا عمل جاری ہے۔‘‘
سنجے راؤت نے اپنی بات میڈیا کے سامنے رکھتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ ’’مہاراشٹر میں حکومت سازی کو لے کر گزشتہ دس پندرہ دن میں جو بھی رکاوٹیں تھیں، وہ اب نہیں ہیں۔ جمعرات تک آپ کو پتہ چل جائے گا کہ سبھی رخنات دور ہو گئے ہیں ۔‘‘ بدھ کو دیئے گئے سنجے راؤت کے اس بیان کے پیش نظر کہا جا سکتا ہے کہ آج (21 نومبر) شام تک ریاست میں حکومت سازی سے متعلق کچھ اہم چیزیں سامنے آ سکتی ہیں۔
دوسری طرف بدھ کے روز دہلی میں این سی پی سربراہ شرد پوار کی رہائش پر کانگریس اور این سی پی لیڈروں کی اہم میٹنگ بھی ہوئی تھی۔ کافی دیر تک چلی اس میٹنگ کے بعد مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس لیڈر پرتھوی راج چوہان و این سی پی لیڈر نواب ملک نے پریس کانفرنس کر کے کہا تھا کہ دونوں پارٹیوں کے لیڈروں کے درمیان ہوئی میٹنگ کافی مثبت رہی۔ اس دوران مہاراشٹر میں نئی حکومت کی تشکیل کو لے کر کئی ایشوز پر بات ہوئی، لیکن کچھ ایشوز پر ابھی مزید بات ہونا ضروری ہے۔
میٹنگ کے بعد کانگریس لیڈر پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ کئی ایشوز پر بات ہوئی ہے، لیکن کچھ ایشوز پر پھر سے میٹنگ ہوگی۔ چوہان نے مزید کہا کہ ’’مجھے امید ہے کہ ہم بہت جلد مہاراشٹر کو ایک مستحکم حکومت دینے میں کامیاب ہوں گے۔‘‘
این سی پی لیڈر نواب ملک کا کہنا ہے کہ دونوں پارٹیوں کے لیڈروں نے مل کر طے کیا ہے کہ ہمیں مہاراشٹر میں ایک متبادل حکومت دینی چاہیے۔ بغیر این سی پی-کانگریس-شیوسینا کے ساتھ آئے یہ ممکن نہیں ہے۔ ہم سبھی ایشوز کو حل کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ ہم جلد سے جلد متبادل حکومت دیں گے۔‘‘