حالات حاضرہ اور نوجوان: یہ تو چلتی ہیں تجھے اُونچا اُڑانے کے لیے۔۔۔
صدیقی محمد اویس، نیانگر، میراروڈ
مکرمی !
پچھلے کچھ برسوں سے ملک میں حالات کافی ناخوشگوار ہیں ۔ جیسا کہ ہم جانتے ہیں آئے دن بے گناہوں اور معصوموں کی لینچنگ کے واقعات ہو رہے ہیں، کمزوروں و اقلیتی طبقات کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے، لوگوں کے دلوں میں ایک دوسرے کے لئے نفرت کے بیج بوئے جارہے ہیں، فرقہ وارایت کو بڑھاوا دیا جارہا ہے، جمہوری قدروں کو نقصان پہنچایا جارہا ہے، بنیادی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے اور یہاں تک کہ ملک کے بڑے بڑے جمہوری و تعلیمی اداروں کو بھی کمزور بنانے کی کوششیں کی جارہی ہے وغیرہ۔
ہمارے ملک میں کئی نوجوان ایسے ہیں جو حالات حاضرہ پر یا ایشوز پر گفتگو کرتے ہیں لیکن انہیں محض چیلینجیز نظر آتے ہیں ۔ وہ پوری گفتگو کو منفی انداز میں لیتے ہیں اور مایوس و خوفزدہ ہو جاتے ہیں ۔ جبکہ انہیں ہرگز ایسا نہ کرتے ہوئے صبر و استقامت کے ساتھ یہ بات ذہن نشین کرنی چاہیے کہ حالات چیلینجیز و پریشانیوں کے ساتھ ساتھ مواقع بھی فراہم کرتے ہیں ۔ جسے علامہ اقبال کہتے ہیں کہ۔۔۔
تندئ بادِ مخالف سے نا گھبرا اے عقاب!
یہ تو چلتی ہیں تجھے اونچا اڑانے کے لئے
اسی لئے ہمارے نوجوانوں کو بھی ان حالات سے سیکھنا چاہئیے اور ہمیشہ اپنے مقصد کے لئے انتھک محنت کرتے رہنا چاہیے ۔ ساتھ ہی ساتھ تعلیم کے میدان میں پیش رفت کرنی چاہیے اور زیادہ سے زیادہ حکومتی ادارے، سماجی و سیاسی سائنس، ریلوے انتظامیہ، پولیس انتظامیہ، قانون ساز ادارے، تجارت وغیرہ جیسے اور کئی شعبوں میں اپنا مستقبل بنانے کی کوششیں کرنی چاہیے۔ تاکہ ملک و ملت کو ایسے با صلاحیت، دانشمند اور تعلیم یافتہ افراد ملیں جو انتظامیہ کی باگ دوڑ بہتر انداز میں سنبھالیں اور ہر طرح کے مسائل کو صحیح طور پر حل کرسکیں۔ آخر میں اللہ سے دعا ہے کہ اللہ تمام مسائل کو دور فرما اور نوجوانوں کو ہدایت و بلند حوصلہ عطا فرما۔ آمین۔