بیدر میں مہاتماگاندھی کے 150ویں یوم ِ پیدائش پر 2/اکٹوبرکو میراتھن ”دوڑ برائے امن“
بیدر: 27/ستمبر (وائی آر) مہاتماگاندھی کے 150ویں یوم ِ پیدائش پر 2/اکٹوبر 2019کوبیدر میں 5کیلومیٹر پر مشتمل میراتھن ”دوڑبرائے امن“ کے عنوان سے رکھی گئی ہے۔ جس کے مہمان خصوصی بی جے پی قائد اور رکن پارلیمان بھگونت کھوبا، ڈاکٹر عبدالقدیر چیرمین شاہین ادارہ جات بیدر ہوں گے۔
اس میراتھن میں بھالکی، اوراد اور بیدر کے 16سال سے زائد عمر کے افراد حصہ لیں گے۔ یہ باتیں مسٹر پرتھوی راج سیریکار پروجیکٹ مینجر دکن ڈائجسٹ ویب میڈیا چینل نے بتائی۔ وہ آج اپنے دفتر موقوعہ منیارتعلیم، روبرو قلعہ ارک بیدر میں اپنی طلب کردہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
انھوں نے میراتھن کانقشہ بتاتے ہوئے کہاکہ میراتھن کا آغاز قلعہ کے بیرون سے ہوگا۔ چوبارہ، نئی کمان، امبیڈکر سرکل، جنواڑہ روڈ، فائر اسٹیشن، ٹسکر روڈسے ہوتے ہوئے واپس قلعہ کے روبرومیراتھن کا اختتام ہوگا۔
اس میراتھن کو شاہین ادارہ جات اور جے ڈی فلمس اسپانسر کرنے کی بات پرتھوی راج نے بتائی اور کہاکہ ویب میڈیا چینل ”دکن ڈائجسٹ“ سال2015سے حیدرآباد، گلبرگہ، بیدر اور بسواکلیان میں کام کررہاہے۔میراتھن سے متعلق 8660567542 پر رابطہ کیاجاسکتاہے۔