جیل چلی جاؤں گی، لیکن شہریت قانون اور این آر سی منظورنہیں: ممتابنرجی
ممتا بنرجی نے مرکز کی مودی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ایک خاص نظریے کے تحت لوگوں کو بنیادی حقوق سے محروم کررہی ہے۔
کولکتا: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج ایک بار پھر بنگال میں نومنظور شہریت قانون اور این آر سی کو نافذ نہیں کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے خلاف ریاست گیر مہم چلائی جائے گی۔ بنگال کے سیاحتی شہر دیگھا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’این آر سی اور شہریت ترمیمی بل ایک ہی سکے کے دورخ ہیں اور دونوں کا مقصد ایک خاص کمیونیٹی کو نشانہ بناناہے۔‘‘ وزیرا علیٰ نے یہ بھی کہا کہ مذہبی تفریق پر مبنی کسی بھی قدم کو بنگال میں پذیرائی نہیں ملے گی۔انھوں نے کہا کہ این آر سی اورشہریت (ترمیمی) قانون کی وجہ سے ہندوستان اپنے دوستوں سے محروم ہوجائے گا۔بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ نے ہندوستان کا دورہ رد کردیا ہے۔شمال مشرقی ہند اور آسام اس وقت جل رہا ہے۔
خیال رہے کہ کچھ وجوہات کی بنا پر جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے نے بھی ہندوستان کا دورہ رد کیا ہے۔اس کا حوالہ دیتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’اس وقت جو کچھ ہورہا ہے اس کی وجہ سے ہندوستان کی عزت کو عالمی سطح پر نقصان پہنچنے گا۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست بھر میں ترنمول کانگریس کے کارکنان احتجاج کریں گے اور عوام کو بتائیں گے اس بل کو پاس کرانے کے مقاصدکیا ہیں۔اس کا آغاز امبڈیکر کے مجسمے سے شروع کیا جائے گا۔اسی طرح جادو پور سے جلوس نکالا جائے گا۔
وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’مرکزی حکومت ایک خاص نظریے سے لوگوں کو بنیادی حقوق سے محروم کررہی ہے۔‘‘ انھوں نے کہاکہ بی جے پی کے خوف سے لوگ احتجاج کرنے سے بھی گریز کررہے ہیں کیوں کہ اگر وہ احتجا ج کریں گے تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔