سوامی چنمیانند کے بعد متاثرہ لڑکی کو بھی ایس آئی ٹی نے کیا گرفتار، 14 دن کی عدالتی حراست میں
شاہجہاں پور کیس میں سابق مرکزی وزیر سوامی چنمیانند پر الزام لگانے والی لڑکی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ لڑکی پر چنمیانند سے وصولی کرنے کا الزام تھا۔ اس کا ایک ویڈیو بھی سامنے آیا تھا جس کے بعد لڑکی اور اس کے تین ساتھیوں پر پولس نے کیس درج کیا تھا۔
بی جے پی لیڈر سوامی چنمیانند پر عصمت دری کا الزام عائد کرنے والی متاثرہ کو 14 دن کے لیے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ ایس آئی ٹی نے آج صبح متاثرہ کو بلیک میلنگ کرتے ہوئے رقم وصولی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ گرفتار کر لڑکی کو مقامی عدالت لے جایا گیا جہاں اسے 14 دنوں کی عدالتی حراست میں بھیجنے کا فیصلہ سنایا گیا۔
اب شاہجہاں پور کیس میں چنمیانند بھی گرفتار ہو چکے ہیں اور ان پر عصمت دری کا الزام عائد کرنے والی لڑکی بھی گرفتار ہے۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں چنمیانند کو ایس آئی ٹی نے گرفتار کیا تھا اور پوچھ تاچھ کے دوران چنمیانند نے اپنی کئی غلطیوں کا اعتراف کیا تھا۔ بعد ازاں انھیں کچھ بیماری کی وجہ سے اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔