اروند کیجریوال بٹلہ ہاؤس انکاونٹر کی جانچ کا وعدہ پورا کریں: راشٹریہ علماء کونسل
نئی دہلی: دہلی میں بٹلہ ھاؤس انکاونٹر کی جانچ کے مطالبہ کو لے کر علماء کونسل نے ایک مظاہرہ کیا جس میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو یہ واضح پیغام دے دیا گیا کہ بٹلہ ہاؤس انکاونٹر کی جانچ کا وعدہ اگر آپ نے پورا نہیں کیا تو آنے والے الیکشن میں خمیازہ بھگتنا ہوگا.
اس سے قبل اس وقت کی وزیر اعلیٰ شیلا دکشت کو یہ چیتاونی دی گئی تھی، لیکن انہوں نے پرواہ نہیں، نتیجہ یہ ہوا کہ بدترین شکست سے دوچار ہوئی تھیں. اب دیکھنا یہ ہے کہ موجودہ وزیر اعلیٰ اس سے کتنا سبق حاصل کرتے ہیں.
اس موقع پر طاہر مدنی نے بتایا کہ راشٹریہ علماء کونسل ظلم و جور کے خلاف ایک تحریک، ایک آندولن کا نام ہے جو پچھلے 11 برس سے اپنے سنگھرش کے ذریعے جانی جاتی ہے. سیاسی بیداری پیدا کرنے اور قوم کو متحد کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور کرتی رہے گی؛
ہم تھکے نہیں، ہم رکے نہیں
ہم جھکے نہیں، ہم بکے نہیں
انہوں نے مزید کہا کہ عدل و قسط کی علمبردار یہ تحریک، ایک امانت ہے جس نے عزم و حوصلہ بخشا ہے، قومیں اپنی لڑائی ہمت سے جیتتی ہیں؛
منزلیں انہی کو ملتی ہیں جن کے سپنوں میں جان ہوتی ہے
پنکھ سے کچھ نہیں ہوتا یارو، حوصلوں سے اڑان ہوتی ہے
اس احتجاج کے موقع پر پولیس اور دیگر فوجی دستوں کو کثیر تعداد میں تعینات کیا گیا تھا۔