بیدر میں منقبتی مشاعرہ، شعراء نے شہدائے کربلا کے واقعات کو منظوم کیا
بیدر: 16/ستمبر (وائی آر) بیدر کے مسیح الدین احمدقریشیہ الماس میموریل ہال، تعلیم صدیق شاہ بیدر میں اتوار کو ایک منقبتی مشاعرے کاانعقاد عمل میں آیاجس کی نگرانی سید منورحسین، سید لطیف خلش اور سید شاہ محمد غوث قادری اشرفی کے تین نفری پینل نے کی۔ منقبتی مشاعرہ سے قبل شعراء اور نعت خوانوں نے نعتیں پیش کیں جس کو کافی سراہا گیا۔
اس کے بعد محمدرحیم الدین، منورعلی شاہد، سید شاہ محمد غوث قادری اشرفی، محمدامیرالدین امیر، باسط خان صوفی، میربیدری، عظیم بادشاہ بھالکی، سید منورحسین، سید لطیف خلش اور مرزاچشتی صابری نظامی نے حضر ت امام حسین ؓ کی شہادت پر انتہائی پراثر کلام پیش کیا۔ ایک موقع پر لوگوں کی آنکھیں بھر آئیں۔
منقبتی مشاعرے کی ابتداء میں ہندی کے شاعر چندرشیکھرسندھے نے ہندی زبان میں حمد پیش کی۔محمدیوسف رحیم بیدری نے نظامت کافریضہ بخوبی انجام دیا۔ عبدالنعیم، محمد ابرارالدین، نثاراحمد، محمد نبی، محمد عبدالصمد منجووالا،عبدالحمید، عمروبن علی، اور دیگر نے شرکت کی۔
منقبتی مشاعرے کو سرشٹی انسٹی ٹیوٹ کی طالبہ ایشنا نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ریکارڈ کیا جبکہ مشاعرہ فیس بک پر Liveنشر کیاگیا۔