علاقہ کلیان کرناٹککرناٹک کے اضلاع سے

EVM کابٹن دبانا دراصل جمہوریت کاگلہ گھونٹنا ہوگا: بیدرمیں ریالی اوراجلاس سے دانشوروں کاخطاب

بیدر۔2/ستمبر (وائی آر) بہوجن کرانتی مورچہ اور راشٹریہ مسلم مورچہ کے زیراہتمام اتوار کی شب قدیم شہر کے ڈیسنٹ فنکشن ہال میں ای وی ایم پردہ فاش ریلی کااجلاس منعقد ہوا۔26/جولائی کو نکلی ہوئی یہ ریلی مختلف ریاستوں سے ہوتی ہوئی یکم ستمبر کو بیدر پہنچی اور اپنا عظیم الشان اجلاس عام منعقد کیا۔

جس سے خطاب کرتے ہوئے شری کونیشور سوامی جی صدر راشٹریہ لنگایت مورچہ نے کہاکہ ای وی ایم کابٹن دبا کر ووٹ دینا دراصل جمہوریت کا گلہ دبانے کے برابر ہے اور جمہوریت کا گلہ دبانا دراصل خود اپنے ہاتھوں اپنا گلہ دبالینا ہے۔

جناب سید ذوالفقارہاشمی سابق رکن اسمبلی نے اپنے پرجوش خطاب میں کہاکہ آج عرصہ بعد بیدر میں رحمت باراں ہورہی ہے۔یہ دراصل ای وی ایم کے خلاف ایک بہت بڑا سیلاب آنے کی واضح علامت ہے۔ پتہ چلتا ہے کہ بھارت سے ای وی ایم جائے گی اور بیلٹ پیپرواپس ضرورآئے گا۔ آپ اچھی طرح جانتے ہیں کہ بی جے پی ای وی ایم دھاندلیوں کے ذریعہ اس ملک میں برسرا قتدار آئی۔

اس کے بعد اس نے مسلمانوں کے شرعی قانون میں مداخلت کی۔دوسری دفعہ جب برسراقتدار آئی تو A UAPجیسا کالاقانون پاس کیا۔اورملک میں بڑے پیمانے پر منظم طریقے سے ہونے والے ماب لنچنک کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھایا بلکہ اس کو پارٹی کے مختلف چھوٹے موٹے قائدین کے ذریعہ سے بڑھاوا ہی دیا۔آج جبکہ ملک کی اقتصادی صورتحال دن بدن بدسے بدتر ہوتی جارہی ہے۔ لیکن ماب لنچنگ اور 370دفعہ جیسے معاملات میں ملک کو الجھا کر بدترین اقتصادی صورتحال پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

سید ذوالفقارہاشمی نے زور دے کر کہاکہ مسلمان اس ملک میں نجات دہندہ بن کر آیاتھا۔ آج بھی اس ملک کو بلاؤں اور ستم ومظالم سے محفوظ رکھنے والی قوم مسلمان ہی ہے۔اور وہ ہمیشہ اس ملک کاخیرخواہ رہے گا۔ چاہے لوگ بھارت کے مسلمان پر جتنے چاہے الزامات لگائیں۔

پروفیسر ولاس کرات نے ظلم کے خلاف کچھ احادیث کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ای وی ایم کی دھاندلیوں کو روکنا ظلم کو روکنا ہے۔ انھوں نے حضرت علیؓ کاقول سناتے ہوئے کہاکہ جو قوم ظلم کے خلاف آواز نہیں اٹھاتی وہ اپنے قوم کی لاشیں اٹھاتی ہے۔انھوں نے مسلمانوں کو مل جل کر ای وی ایم کے خلاف آواز اٹھانے کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ سماج کے دلت،مسلم اور بیاک ورڈکلاسیس اس ملک کے مول نواسی ہیں۔ ہم سب کاDNAایک ہے۔ اور برہمن باہر سے آکر اس ملک پر قابض ہواہے۔

جناب تنویر احمد سلمان، جناب طاہر حسین ایڈوکیٹ صدر ویلفیرپارٹی آف انڈیا، جناب محمد اسدالدین،ایڈوکیٹ طلحہ ہاشمی، بابوراؤ ہوننا ایڈوکیٹ ضلع سکریڑی CPI، سید مقصود احمد، جناب کفایت اللہ صدیقی وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پرپروفیسر ولاس کرات کی تحریرکردہ کتاب ”کانگریس، آرایس ایس کی ماں“ کی رسمِ رونمائی شری کونیشور سوامی جی صدر راشٹریہ لنگایت مورچہ کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ جس کااردو ترجمہ جناب سید مقصود احمد (ظہیرآباد) نے کیاہے۔

پروگرام کی نظامت جناب علی احمد خان ضلع انچارج آل انڈیا تنظیم انصاف نے کی۔ پروگرام کاآغاز مہاپرشوں کی تصویر کو پھول مالائیں چڑھا کر کیاگیا۔ پروگرام کے انتظامات کو آل انڈیا تنظیم انصاف اور موومنٹ آف جسٹس نے قطعیت دی۔

اشوک ماڑگے، ارون پاٹل، شیخ انصر، راجکمار مولبھارتی، شیوراج زمستاں پور، مالیکارجن چٹہ، سوامی داس کیمپنورے، برادر شاہد رحمن، روی واگھمارے، غالب ہاشمی، سید سرفرازہاشمی، عابدعلی، وغیرہ نے انتظامی امور میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ بارش کے باوجود بھی عوام کی کثیر تعدادشریک تھی۔ اس بات کی اطلاع بہوجن کرانتی مورچہ اور راشٹریہ مسلم مورچہ کے ذرائع نے دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!