میرا روڈ جماعت اسلامی ہند کی جانب سے ٹیلرنگ سنٹر کی مفت کلاسیس، پسماندہ و معاشی پریشان حال یتیم، غریب وبیوہ عورتوں کے لئے امید کی کرن
ممبئی: 17 اگست (پریس ریلیز) ساجد محمود شیخ سیکرٹری شعبہ خدمت خلق جماعت اسلامی میراروڈ کی اطلاع کے مطابق ممبئی سے جڑے میراروڈ میں جماعت اسلامی کی طرف سے یتیم لڑکیوں بیوہ و مطلقہ خواتین سمیت غریب اور معاشی طور پر پسماندہ گھروں کی خواتین کے لیے ایک ٹیلرنگ کلاس چلاٸی جاتی ہے۔ تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہوجائیں اور خودکفیل بن جائیں ۔ یہ سلائی کلاسیس بالکل مفت چلائی جاتی ہے اور خواتین سے کسی قسم کی کوٸی فیس نہیں لی جاتی ہے، کلاس میں داخلہ سے قبل عریضہ گذار کے گھر کا باریک بینی سے سروے کیا جاتا ہے۔
کلاس کے اختتام پر جلسہ تقسیم اسناد منعقد کیا جاتا ہے اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر جلسہ تقسیم اسناد منعقد کیا گیا تھا جس میں علاقہ کی مشہور سماجی کارکن محترمہ انجم شیخ صاحبہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ پروگرام میں موجود طالبات سے مخاطب ہوتے مہمان خصوصی انجم آپا نے اپنی مثال پیش کرتے ہوۓ کہا کہ ایک وقت تھا میں خود بھی برے دور سے گذر رہی تھی مگر حالات کا رونا رونے کے بجاۓ سلائی کے ہنر کو اپنایا اور اپنی زندگی کی گاڑی کھینچ رہی تھی ۔ الحَمْد للهْ آج میں ایک خوشحال زندگی گذار رہی ہوں اور میرے بچے پڑھ لکھ کر قابل ہوگئے ہیں ۔اور میں سماجی کاموں میں حصہ لے رہی ہوں اور دوسروں کی مدد بھی کر رہی ہوں۔
انہوں نے طالبات کو تاکید کی وہ سلائی سیکھ کر یوں ہی نہ بیٹھ جاٸیں بلکہ اپنے ہنر کو استعمال کرتے ہوۓ اپنے اور اپنے اہل خانہ کی ضرورت کو پورا کرنے کی کوشش کریں۔
اس موقع پر انہوں نے کٸی قیمتی مشورے دیٸے،پروگرام میں کامیاب طالبات نے تقریباً آبدیدہ ہوتے ہوۓ اپنے تاثرات پیش کیے ۔ایک خاتون نے اپنی آپ بیتی بیان کرتے ہوۓ کہا کہ وہ بالکل بے سہارا ہوگٸی تھی، اور اپنے مستقبل سے مایوس ہو گٸی تھی،مگر جماعت کی سلائی کلاسیس کی وجہ سے اپنی زندگی میں روشنی کی کرن پھوٹتی دکھائی دی۔
ایک دیگر خاتون نے روتے ہوئے کہا کہ میرے حالات اتنے زیادہ خراب تھے کہ میں سلائی کلاس میں داخلہ کا تصور بھی نہیں کر پا رہی تھی مگر جماعت کی سلائی کلاس میں داخلہ ملنے سے مجھے حوصلہ ملا۔
سبھی طالبات نے تقریباً ملے جلے تاثرات بیان کیے اور جماعت کا شکریہ بھی ادا کیا۔ سبھی کامیاب طالبات کو مہمان خصوصی کے ہاتھوں سے اسناد تقسیم کیےگئے۔ اور شرکاء کے لیے خوردنوش کا اہتمام بھی تھا ۔آخیر میں جماعت کے سینیٸر کارکن جناب کلیم صاحب نے زادراہ کے طور پہ کچھ نصیحتیں بھی کیں اور دعا کے ذریعہ جلسہ کا اختتام کو پہنچا۔