ٹاپ اسٹوری

اداکار سونو سود کی بہن کانگریس میں شامل، پنجاب کے CM چنّی اور سدھو نے کیا استقبال

سونو سود کی چھوٹی بہن مالویکا کا پارٹی میں استقبال کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی نے کہا کہ سیاست کا مقصد لوگوں کی خدمت کرنا ہے اور مجھے یقین ہے کہ مالویکا پورے خلوص سے یہ کام کرے گی۔

پنجاب اسمبلی انتخاب سے قبل بالی ووڈ اداکار سونو سود کی سب سے چھوٹی بہن مالویکا سچر پیر کے روز کانگریس میں شامل ہو گئیں۔ پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی اور ریاستی کانگریس چیف نوجوت سنگھ سدھو نے سونو سود کی موجودگی میں مالویکا کا پارٹی میں استقبال کیا۔

پیر کے روز ریاستی کانگریس صدر نوجوت سنگھ سدھو اور وزیر اعلیٰ چرنجیت چنی سونو سود کی رہائش پر پہنچے اور سونو کے ساتھ ساتھ ان کی بہن مالویکا سے ملاقات کی۔ اس کے بعد مالویکا کا پارٹی میں استقبال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ چنّی نے کہا کہ سیاست کا مقصد لوگوں کی خدمت کرنا ہے اور مجھے یقین ہے کہ مالویکا پوری ایمانداری اور خلوص کے ساتھ لوگوں کی خدمت کرے گی۔

مالویکا کے کانگریس میں شامل ہونے کو گیم چینجر بتاتے ہوئے ریاستی کانگریس صدر نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ ان کی موجودگی سے کئی اسمبلی سیٹوں پر مثبت اثر پڑے گا۔ انھوں نے کہا کہ ایسا بہت کم ہوتا ہے کہ کوئی پارٹی چیف اور وزیر اعلیٰ دونوں عزت افزائی کے لیے کسی کے گھر گئے ہوں، اور وہ اس کی حقدار ہیں۔

واضح رہے کہ سونو سود کی 38 سالہ بہن مالویکا سچر شادہ ہیں اور موگا میں اپنا آبائی کاروبار چلا رہی ہیں۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ انھوں نے لوگوں کی خدمت کے لیے خود کو وقف کرنا چاہتی ہیں اس لیے سیاست میں قدم رکھا ہے۔ مالویکا نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میرا بھائی ان لوگوں کو سہارا اور طاقت دے رہا ہے جو وبا سے تباہ ہو گئے ہیں۔

پنجاب کی راجدھانی چنڈی گڑھ سے تقریباً 175 کلومیٹر دور آبائی وطن موگا میں ایک کاروباری کنبہ میں پیدا ہوئے سونو سود اور مالویکا کے والد کپڑے کے کاروبار سے جڑے تھے، جب کہ ماں موگا کے سب سے پرانے ڈی ایم کالج آف ایجوکیشن میں انگریزی کی لیکچرر تھیں۔ ان کی بڑی بہن امریکہ میں رہتی ہیں۔ سود کے پرانے وقت کے دوستوں اور خیر خواہوں نے انھیں وبا کے درمیان مہاراشٹر میں ہزاروں ضرورت مند مہاجرین کا مسیحا بتایا۔ ان کے گھر والوں کا ماننا ہے کہ ان کے اندر خدمت کا جو جذبہ دیکھنے کو مل رہا ہے وہ انھیں اپنے خاندان سے وراثت میں ملا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!