نہروایک مجرم تھے: شیوراج سنگھ کا الزام، نہرو کے پیروں کی دھول بھی نہیں شیوراج: کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ کا ردعمل
بھوپال: سابق چیف منسٹر مدھیہ پردیش و بی جے پی لیڈر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو در اصل ایک مجرم تھے جنہوں نے جموں و کشمیر پر دفعہ 370 کو مسلط کرنے کا جرم کیا تھا۔ شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ یہ قوم کے خلاف جرم تھا۔ پنڈت نہرو نے پاکستان کے ساتھ جنگ کے دوران ایسے وقت جنگ بندی کا اعلان کرنے کا جرم بھی کیا تھا۔ جب ہندوستانی فوج در اندازوں کو جموں و کشمیر سے نکال باہر کر رہی تھی۔
اس دوران کانگریس لیڈر و سابق چیف منسٹر مدھیہ پردیش ڈگ وجئے سنگھ نے چوہان کے بیان کی شدید مذمت کی اور کہا کہ چوہان در اصل پنڈت نہرو کے پاوں کی دھول کے برابر بھی نہیں ہیں۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ مرکزی حکومت کو مسئلہ کشمیر پر سوچ و فکر کے بعد آگے بڑھنا چاہئے بصورت دیگر کشمیر ہمارے ہاتھ سے نکل جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ شیوراج سنگھ چوہان نہرو کے پیروں کی دھول بھی نہیں ہیں۔ شرم آنی چاہئے انہیں۔ چیف منسٹر مدھیہ پردیش کمل ناتھ نے بھی شیوراج سنگھ چوہان کے بیان کی مذمت کی ہے اور کہا کہ چوہان کا یہ بیان انتہائی قابل اعتراض اور قابل مذمت ہے۔
ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ ہمیں یہ دیکھنا چاہئے کہ سرینگر اور کشمیر میں کیا ہو رہا ہے۔ انہوں نے پہلے جو کچھ کہا تھا وہ اب درست ثابت ہو رہا ہے۔ مرکزی حکومت نے آگ میں اپنے ہاتھ جلا لئے ہیں۔ ہماری ترجیح کشمیر کو بچانا ہے۔ وہ نریندر مودی اور امیت شاہ سے خواہش کرتے ہیں کہ وہ اچھی طرح غور و خوض کے بعد اقدامات کریں بصورت دیگر کشمیر ہمارے ہاتھ سے نکل جائے گا۔