علاقہ کلیان کرناٹککرناٹک کے اضلاع سے

مولانا سید مصباح الحسن ہاشمی کے سانحہٴ ارتحال پراظہارِ تعزیت

گلبرگہ: 30/اپریل (راست) دار العلوم سکندریہ کے مایہ ناز ناظم ومہتمم،خطیب وامام مسجد سکندریہ، جمعیت العلماء ہند ضلع گلبرگہ کے فعال اورحرکیاتی جنرل سکریٹری،سینکڑوں طلباء کے مشفق مربی واستاد ممتاز ثناء خوان مصطفی ﷺحضرت مولانا سید مصباح الحسن ہاشمی کے سانحہ ئ ارتحال سے ہر آنکھ اشکبار ہر دل غمزدہ ہے۔ جمیعت العلماء ہند ضلع گلبرگہ کے صدر اورمدرسہ مظاہر العلوم کے بانی ومہتمم حضرت مولانا محمد شریف مظہری نے حضرت مولانا سید مصباح الحسن ہاشمی کے سانحہ ئ ارتحال پر انتہائی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ مولانا کی رحلت سے میں ایک مخلص ساتھی، عزیز دوست اورسچے ہمدرد سے محروم ہو گیاہوں، مولانا مرحوم نہایت متقی وپرہیزگار اورمخلص انسان تھے۔ میرے بہترین معاون اوربہی خواہ تھے۔ دارالعلوم سکندریہ کے ناظم اورجمیعت العلماء ہند کے جنرل سکریٹری کی حیثیت سے مولانا مرحوم کی خدمات بے مثال اوربے نظیر ہیں۔ مولانا مرحوم کی رفاقت سے محرومی سے بہت افسردہ اور غمزدہ ہوں۔ اللہ رب العزت مولاناکی مغفرت فرمائے لواحقین کوصبر جمیل عطافرمائے۔

الحاج سید عبد المقیم سید بارے نائب صدر جمیعت العلماء ہند وصدر رینبو پبلک اسکول نے مصباح الملت حضرت مولانا سید مصباح الحسن ہاشمی کے سانحہ ئ ارتحال پر رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے فرمایاکہ حضرت مولانا سید مصباح الحسن ہاشمی کاوجود ہم سب کے لئے باعث فیض تھا ہم لوگ جب بھی جمیعت العلماء کے اہم ملی یاتنظیمی امور پر گفتگو کرتے تو ہمارے لئے حضرت مولانا سید مصباح الحسن ہاشمی کی موجودگی ضروری ہو تی۔ حضرت مولانا مرحوم اپنے عنفوان شباب ہی سے ملی ودینی امور میں سرگرم رہے ہیں۔ اعتدال وتوازن مولانا مرحوم کی شخصیت کاخاصہ تھا۔ میراذاتی احساس ہے کہ حضرت مولانا کی جدائی سے میں نے اپنے گھر کا ایک فردکھودیا،اللہ رب العزت مولانا مرحوم کی مغفرت فرمائے اورامت کو ان کا نعم البدل عطافرمائے اورلواحقین کوصبر جمیل عطافرمائے۔

محمد عبد الحلیم اطہر سہروردی شریک خازن ومیڈیا انچارج جمیعت العلماء ہند ضلع گلبرگہ وصحافی وادیب روزنامہ کے بی این ٹائمزگلبرگہ نے حضرت مولانا سید مصباح الحسن ہاشمی کے سانحہ ارتحال پر کہا کہ مولانا کی رحلت سے میں بہترین بہی خواہ سچے ہمدرد اورمربی ومشفق سرپرست سے محروم ہوگیا حضرت مولانا کی رحلت سے نہ صرف آنکھیں بلکہ دل ودماغ بھی ماتم کناں ہیں۔ یہ غم برداشت سے باہر ہے کہ میں نے ایک مخلص دعا گو کو کھودیا مجھے کئی موقعوں پر مولاناکی دعاؤں کا بڑا سہارا ملاہے۔ میں خود جب ہسپتال میں تھا اورجب میرا بیٹا ہسپتال میں تھااہل خانہ کے بعد علماء کرام خاص کر حضرت مولانا مرحوم کی دعاؤں سے اللہ نے بڑاکرم کیا۔حضرت مولانا سے جب بھی ملاقات ہو تی تو بڑی محبت اورگرمجوشی سے ملتے اورخیرت دریافت کرتے اوردعاؤ ں سے نوازتے،اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ اللہ تعالی حضرت مولانا مرحوم کو اس ماہ مقدس کی مبارک ساعتوں میں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطافرمائے اورلواحقین کوصبرجمیل عطافرمائے۔آمین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!