اپوزیشن لیڈر راجیہ سبھا غلام نبی آزاد کوسری نگر ہوائی اڈہ پر روک کر دہلی واپس بھیج دیا گیا
نئی دہلی: کانگریس کے سینئر لیڈراور راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد کو انتظامیہ نے سری نگر ہوائی اڈہ پر روک دیا جس کی وجہ سے انہیں شام کو دہلی واپس آنا پڑا۔
جموں وکشمیر کانگریس کے صدر غلام احمد میر کے ساتھ جیسے ہی مسٹر آزاد سری نگر ہوائی اڈے پر اترے تو انہیں شہر میں جانے سے روک دیا گیا اور انہیں واپس جانے کیلئے کہا گیا۔ سری نگر میں ان کا ریاستی کانگریس کے لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کا پروگرام تھا۔ بعد میں وہ ہوائی اڈہ سے دہلی کے لئے روانہ ہوگئے۔
مسٹر آزاد نے دہلی پہنچنے کے بعد ہوائی اڈہ پر نامہ نگاروں سے کہا کہ ہمیں صبح ساڑھے گیارہ بجے سے شام ساڑھے چار بجے تک سری نگر ہوائی اڈہ پر روکے رکھا گیا۔ سینئر پولیس حکام نے کہا کہ آپ کو باہر نہیں جانے دینے کا حکم ہے۔ وہ اسی طیارہ سے ہمیں واپس بھیجنا چاہتے تھے لیکن ہم نے ساڑھے چار بجے تک کوشش کی۔ اس کے بعد ہم دہلی کے لئے روانہ ہوگئے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نے کالا قانون بنایا ہے اور جموں وکشمیر کو ایک ریاست کے طورپر ہندستان کے نقشہ سے اڑا دیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے ملک کو برباد کردیا ہے اور کشمیر کو ختم کردیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو ہر ایک کشمیر ی سے معافی مانگنی چاہئے۔