اناؤ ریپ متاثرہ معاملے میں لوک سبھا میں زبردست ہنگامہ، وزیر داخلہ امت شاہ جواب دیں: اپوزیشن
اناؤ ریپ متاثرہ معاملے میں لوک سبھا میں زوردار ہنگامہ ہوا ہے، ایوان میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے اس معاملے میں وزیر داخلہ امت شاہ سے جواب دینے کی مانگ کی ہے، وہیں بی جے پی کا کہنا کہ اس معاملے میں سی بی آئی جانچ کی سفارش کی گئی ہے۔
کانگریس رہنما ادھیر رنجن چودھری نے کہا، ’’اناؤ ریپ متاثرہ کے ساتھ ہوئے سڑک حادثہ کی وجہ سے ہندوستان کے لوگ شرم محسوس کر رہے ہیں، یہ مہذب معاشرے پر ایک بدنما داغ ہے جہاں پہلے ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری ہوئی، اب ایک ٹرک نے متاثرہ کی کار (رائے بریلی میں) کو ٹکر مار دی جس کے سبب ایک گواہ کا خاتمہ کردیا گیا اور متاثرہ اور اس کے وکیل کی حالت نازک بنی ہوئی ہے‘‘۔
لکھنؤ میں اناؤ ریپ متاثرہ خاندان کا اسپتال کے باہر دھرنا
لکھنؤ کے كےجی ایم يو اسپتال میں اناؤ ریپ متاثرہ اور اس کے وکیل کا علاج جاری ہے، خبروں کے مطابق دونوں کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔ وہیں متاثرہ کا خاندان اسپتال کے باہر دھرنے پر بیٹھ گیا ہے۔
وہیں اناؤ ریپ متاثرہ کے ایکسیڈنٹ کو لے کر یوگی حکومت کے خلاف سماج وادی پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ اور دیگر پارٹیوں کے ارکان نے پارلیمنٹ کے احاطے میں مہاتما گاندھی کی مورتی کے سامنے مظاہرہ کیا۔