تازہ خبریںخبریںقومی

سماجی خدمت کیلئےممبران پارلیمنٹ مشن سمجھ کرخود کو وقف کریں: نریندرمودی

نئی دہلی‘ 16جولائی (یو این آئی)وزیر اعظم نریندر مویدی نے منگل کو بی جے پی ممبران پارلیمنٹ سے ایک مشن کے تحت سماجی خدمت کے لئے خود کو وقف کرنے اور جذام اور تپ دق کے جڑسے ختم کرنے کے لئے مصروف ہوجانے کی اپیل کی۔

پارلیمانی امور کے وزیر پرہلادجوشی نے نامہ نگاروں سے کہا کہ وزیر اعظم نے آج بی جے پی پارلیمانی پارٹی کی ہفت روزہ میٹنگ میں ایک مشن کے تحت سماجی خدمت اور جذام اور تپ دق کو ختم کرنے کے لئے کام کرنے کی پارٹی ممبران پارلیمان سے اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ممبرا ن پارلیمنٹ سے کہا کہ تپ دق کو ختم کرنے کیلئے عالمی برادری کی طرف سے مقررہ مدت 2030 کے مقابلے میں ہندوستان نے 2025 تک کی مدت طے کی ہے۔ 

مسٹر جوشی نے کہا کہ مسٹر مودی نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی مثال دی جس میں ایک جذام کے اسپتال کا افتتاح کی دعوت پر انہوں (گاندھی جی) نے کہا تھا ”میں اس اسپتال کے دروازے بند کرنا پسند کروں گا۔“
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ممبران پارلیمنٹ سے کہا ”یہ گاندھی جی کے خیالات تھے۔ ان کا ماننا تھا کہ ہندوستان کو جذام سے آزاد ہونا چاہئے اور یہی ہمارا مشن ہوسکتا ہے۔“

پارٹی کے ایک دیگر عہدیدار نے کہا”منتخب ممبران پارلیمنٹ کی پارلیمانی ذمہ داریوں کے علاوہ بھی یہ کام کیا جاسکتا ہے۔“ انہوں نے کہ اکہ میٹنگ میں پانی کے بحران پر بھی سنجیدگی سے غور کیا گیا اور وزیر اعظم نے پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ اپنے حلقہ انتخاب کے افسران کے ساتھ مل کر ان مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں۔

پارٹی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے خصوصی طورپر دونوں ایوانوں میں پارٹی کے منتخب ممبران پارلیمنٹ سے کہا کہ انہیں مقامی افسران کے ساتھ تال میل قائم کرکے غیر ترقی یافتہ علاقوں میں پروجیکٹ شروع کرنے چاہئیں۔ میٹنگ میں وزیر اعظم نے پارٹی کے ممبرا ن پارلیمنٹ سے اپیل کی کہ وہ دونوں ایوانوں میں اپنی معمول کی موجودگی اور ذمہ داریوں کے تئیں چوکنا رہیں۔
اس سے قبل وزیر اعظم نے پارلیمنٹ میں ممبران پارلیمنٹ کی غیر موجودگی پر ناراضگی ظاہر کی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!