تازہ خبریںخبریںقومی

6 ماہ میں 24 ہزار بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی، ’بیٹی پڑھاؤ بیٹی بچاؤ‘کا نعرہ لگانے والی جواب دے مودی حکومت: کانگریس

نئی دہلی: کانگریس نے پچھلے چھ ماہ کے دوران ملک میں 24ہزار سے زیادہ بچیو ں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ ’بیٹی پڑھاؤ بیٹی بچاؤ‘کی بات کرنے والی بھارتیہ جنتاپارٹی حکومت کو بتانا چاہئے کہ ان مجرمانہ واقعات پرقابوپانے میں وہ ناکام کیوں رہی ہے۔

کانگریس میڈیا شعبہ کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے سنیچر کو یہاں جاری ایک بیان میں کہاکہ مودی حکومت کا ’بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ‘کانعرہ کھوکھلا ثابت ہوگیا اور بی جےپی کی قیادت والی حکومتیں بچیوں کے تئیں ہونے والی جنسی زیادتیوں کو روکنے میں ناکام ہورہی ہے۔

انھوں نے کہاکہ بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر بے حس بی جے پی حکومت کوئی قدم نہیں اٹھارہی ہے اس لیے ملک کی عدالت عظمی نے اس معاملہ کا ازخود نوٹس لیاہے ۔عدالت کے ذریعہ جمع کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق اس سال یکم جنوری سے 30جون تک 24ہزار 212بچیوں کےساتھ جنسی زیادتیاں ہوئی ہیں ۔ان میں سے صرف 911معاملوں یعنی محض چار فیصدمعاملوں کونپٹایاگیاہے ۔

کانگریس ترجمان نے کہاکہ بی جے پی کی حکمرانی والی ریاست اترپردیش میں بچیوں کے ساتھ اس دوران سب سے زیادہ جنسی زیادتیاں ہوئی ہیں ۔ریاست میں اس دوران 3457ایف آئی آر درج کی گئیں اور ان میں سے صرف 22معاملوں کا نپٹاراہوا جودرج کی گئیں کل ایف آئی آر کا تین فیصدسے بھی کم ہے ۔

انھوں نے الزام لگایاکہ بی جےپی نے بیٹی بچاؤ پروگرام کے تحت ہرایک بچی پر پانچ پیسے خرچ کیے ہیں ۔مرکز اور اترپردیش کی بی جےپی حکومتیں خواتین اور بچوں کے ساتھ ہونے والے جرائم پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!