حکومتی امداد کیلئے دفترجماعتِ اسلامی میراروڈ میں رکشہ ڈرائیوروں کے آن لائن فارم بھرنے کا موقعہ
میراروڈ: (ایس ایم ایس) مہاراشٹر حکومت نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ریاست کے پریشان حال لائسنس یافتہ آٹو رکشہ ڈرائیوروں کو ڈیڑھ ہزار روپئے کی مالی مدد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مگر بہت سے رکشہ ڈرائیور آن لائن فارم نہیں بھر پا رہے تھے اس لئے جماعت اسلامی میراروڈ نے اپنے دفتر اسلامک سنٹر پر رکشہ ڈرائیوروں کی مدد کرنے کے لئے آن لائن فارم بھرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
اس موقع پر جماعت اسلامی میراروڈ کے امیر محمد عطاء الحق قاضی نے کہا کہ ہم نے رکشہ ڈرائیوروں کی مدد کرنے کے لئے کاؤنٹر کھولا ہے کیونکہ بہت سے رکشہ ڈرائیور آن لائن درخواست دینے کے طریقے سے ناواقف ہیں اور معلومات کی کمی کی وجہ سے ان لوگوں کا حکومتی امداد سے محروم رہ جانے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے اسی لئے ہمارے رضاکار رکشہ ڈرائیوروں کا آن لائن فارم بھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بلا معاوضہ یہ خدمات انجام دے رہے ہیں تاکہ پریشان حال ڈرائیوروں کی حتی الامکان مدد کی جا سکے اور کوئی بھی رکشہ ڈرائیور حکومتی امداد سے محروم نہ رہ جائے۔
اسلامک سنٹر پر موجود جماعتِ اسلامی کے ایک رضاکار شیخ عمران باقر علی نے کہا کہ آن لائن فارم بھرنا آسان ہے مگر کم تعلیم یافتہ آٹو رکشہ ڈرائیور آن لائن فارم بھرنے میں دقت محسوس کرتے ہیں انہوں نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ رکشہ ڈرائیور کا گاڑی نمبر،لائسنس نمبر اور آدھار نمبر درکار ہوتا ہے اور ساتھ ہی آدھار کارڈ اور بینک اکاؤنٹ سے منسلک فون نمبر بھی درکار ہوتا ہے کیونکہ فارم بھرتے وقت آدھار کارڈ سے منسلک رجسٹرڈ فون نمبر پر او ٹی پی آتا ہے جس کی مدد سے آن لائن فارم بھرا جا سکتا ہے۔