مسلمانوں اور اسلام کے خلاف غلط فہمیوں کو دور کرنا اور اسلام کے حقیقی پیغام کی ترسیل وقت کی اہم ضرورت ہے: جماعت اسلامی ہند
جماعت اسلامی ہند ہر میقات( چار سال)میں اپنی نئی قیادت اور ذمہ داروں کا انتخاب کرتی ہے ۔ اس کی نئی میقات کا آغاز اپریل 2019سے ہوا ہے ،جو مارچ 2023میں پوری ہو گی ۔ جماعت اپنے میقات کے لیے نئی پالیسی اور پروگرام تیار کرتی ہے ۔
پریس کلب آف انڈیا میں منعقدہ پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ نئی پالیسی اور پروگرام معاصر مسائل کو سامنے رکھ کر تیار کیا گیا ہے ۔ جماعت اپنی توجہ بہتر اور مضبوط بنیاد پر ہندوستانی سماج کی تعمیر نو پر مرکوز کرے گی ،عالمی اقدار کو محفوظ رکھنے کی کوشش کرے گی ، بے اعتمادی اور تنازع کے ماحول کو ختم کرنے کی ہر ممکن جد و جہدکرے گی ۔ جماعت اپنے پروگراموں اور سرگرمیوں کو رو بہ عمل لانے کے لیے نوجوانوں ، بچوں اور خواتین کی حوصلہ افزا ئی کرے گی ۔ مسلمانوں کے تحفظ اور سلامتی کے ساتھ معاشرہ کی اصلاح ترجیحی بنیاد پر کرے گی ۔ ملک میں امن و انصاف کاقیام ، عوام کی خدمت اور ان کی تعلیم کی دیکھ بھال جماعت کے پروگراموں کا اہم حصہ ہوگا ۔ کیڈر کی تربیت اور تنظیمی ترقی پر بھی توجہ دی جائے گی ۔ اسلام کے پیغام کی اشاعت اور اسلام اور مسلمانوں سے متعلق غلط فہمیوں کا ازالہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستانی سماج میں مضبوط اقدار کے تحفظ کے ذریعہ جماعت اعلیٰ اقدار کی حوصلہ افزائی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور تعلقات میں بہتری لانے اور سماجی برائیوں کو ختم کرنے کی کوشش کرے گی ۔ بات چیت اور آپسی حقوق کا پاس ولحاظ ، رواداری اور انسانیت کے احترام کے احساسات کی حوصلہ افزائی کے ذریعہ تنازع سے بچنے اور غلط فہمیو ں کو کم کر کے مختلف طبقات کے درمیان خلا کو پر کیا جائے گا ۔ عالمی اخلاقی اقدار کی بنیاد پر ملک میں امن اور انصاف کے قیام کی کوشش کی جائے گی ۔ غریبی ، بیماری ، نا خواندگی ، بھوک اور بے روزگاری کے خاتمہ کے لیے سماجی خدمات انجام دینے کی کوشش کی جائے گی او ر قدرتی آفت اور مصیبت کے وقت امداد فراہم کی جائے گی ۔ خاندان ، خواتین اور نوجوان کو مرکوز کر کے اسلامی نظریات کے مطابق مسلم سماج میں اصلاح کی کوشش کی جائے گی ۔ سماجی ، تعلیمی اور معاشی خود کفالت کے ذریعے مسلمانوں کو تحفظ دینے اور ترقی کی راہ پر گام ز ن کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ علم و تحقیق کی بھی بڑی اہمیت ہے ۔
امیر جماعت نے بتایا کہ جماعت کا مقصد موجودہ صورت حال (قومی اور عالمی سطح پر)اور معاصر چیلنج کے تناظر میں اسلامی نظریات کو فروغ دینا ، تیار کرنا اور پیش کرنا اور تحقیقاتی سر گرمیاں انجام دینا ہے ۔ مناسب ، سستی اور اقدار پر مبنی تعلیم کو فروغ دینے اور مسلما نوں او ر دیگر پس ما ندہ طبقوں کی تعلیمی ترقی کے سلسلے میں جماعت حکومت کا تعاون کرے گی ۔ مسلمانوں اور اسلام کے خلاف غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے اسلام کے حقیقی پیغام کی ترسیل وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ اس کے علاوہ جماعت سے منسلک افراد اور ارکان کے تزکیہ اور تربیت پر توجہ دینے کے ساتھ تنظیم کو ترقی اور مضبوطی دینے کی بھی کوشش کی جائے گی ۔