اردو روزنامہ “آج کاانقلاب” کو کرناٹک اردواکادمی نے ایوارڈسے نوازا
بیدر: 4/جولائی (وائی آر) شیموگہ ایک رومانی فضائیں رکھنے والا صوبہ کرناٹک کا خوبصورت وادیوں سے گھرا ہوا شہر اور ضلع ہے۔کہتے ہیں کہ سنسکرت، کنڑا اور اردو تہذیب کو شیموگہ ضلع سے خاص نسبت ہے۔ یہاں ایک پورامحلہ ایسا آبادہے جہاں کے لوگ صرف سنسکرت بولتے ہیں جبکہ شہر میں ایک لاکھ 20ہزار مسلمان ہیں جن میں 70ہزار مسلمان اردو بولتے، لکھتے،اورپڑھتے ہیں۔
شیموگہ ضلع سے اردو روزنامہ ”آج کاانقلاب“ بے باک اور نڈر(35سالہ) نوجوان صحافی مسٹر مدثر احمدکی زیرادارت گذشتہ 10سال سے بلاناغہ شائع ہورہاہے۔ اس اخبار کو کرناٹک اردو اکادمی نے سال2017 کے ایوارڈ کے لئے منتخب کیا۔ اور3/جولائی کو بنگلور کے وسنت نگر میں واقع امبیڈکر بھون میں منعقدہ دوروزہ ”جشن اردو‘‘کے دورا ن ایوارڈ سے نوازاگیا۔اس موقع پرمدیراعلیٰ جناب مدثر احمد کی شال وگلپوشی کی گئی۔ انہیں مومنٹواور25/ہزار روپئے نقدپیش کئے گئے۔
تقریب میں وزیر اقلیتی بہبود بی زیڈ ضمیراحمد خان، سابق وزیرجناب کے رحمن خان،جناب مبین منورچیرمین کرناٹک اردو اکادمی، جناب عبیداللہ شریف کانگریسی قائد، اورجناب اکرم پاشاہ انچارج رجسٹراراور اراکین اردو اکادمی موجودتھے۔ روزنامہ “آج کاانقلاب”چار صفحات پر مشتمل اخبار ضرور ہے لیکن اس کی رسائی 5اضلاع تک ہے۔ وہ پانچ اضلاع شیموگہ کے علاوہ چکمنگلور، داونگیرے، چترادرگہ اور ہاویری ہیں۔اس اردواخبار کا لوگ بڑی بے چینی کے ساتھ روزانہ صبح انتظار کرتے ہیں کیونکہ اس اخبار کے جواں سال ایڈیٹر جناب مدثر احمد کا اداریہ /مضمون “شمشیر بے نیام “کے نام سے ہوتاہے۔جو اس اخبار کے علاوہ ملک کے قومی سطح کے اردو اخبارات میں بھی شائع ہوتاہے۔
بموں اور میزائلوں کے زمانے میں شمشیر بے نیام کی بات کرنے والایہ اخبار اپنی رپورٹوں اور کھوجی خبروں کے حوالے سے کہاجاتاہے کہ اپنے آغاز ہی سے خبروں میں رہاہے۔ گذشتہ 10سال کے دوران اس اخبار پر 19مقدمات درج ہوئے ہیں۔ جن میں 4مقدمے اخبار نے جیتے ہیں۔ 3مقدمات واپس لے لئے گئے اور 12مقدمات زیرسماعت ہیں۔اخبار کے مدیرجناب مدثر احمد انتہائی”طاقتور دل گردے“کے نوجوان ہیں۔ اردو ادب اور شعراء و ادباسے کافی دلچسپی ہے۔ ان کی غزلیں، نظمیں اور افسانے شائع کرکے مسرت محسوس کرتے ہیں۔
اسی لئے انجمن ترقی اردو ہند شاخ شیموگہ نے سال 2014میں ”آج کاانقلاب“کے مدیر کو جو سپاس نامہ پیش کیاتھا اس میں یہ اعتراف موجود ہے کہ ”آپ کا اخبار ”آج کاانقلاب“ بلاشبہ علاقہئ ملناڈ اور بھٹکل کے لئے اکیسویں صدی کاایک حیرت انگیز انقلاب ہے۔ جس کے ذریعہ یہاں کے مسلمانوں میں ملی، سیاسی وسماجی شعور کو جلاملی۔ اس کے ذریعہ یہاں کے چھوٹوں اور بڑوں میں اخباربینی کاشوق جاگا“انھیں اپنی ادارتی ٹیم کا بھرپور ساتھ حاصل ہے جوانہیں بہتر سے بہتر کام کرنے کے لئے روزانہ آمادہ کرتارہتاہے۔
ان کی ٹیم کے افراد اور ان کاعملہ نہیں چاہتاکہ ان کانام بھی اردو کی خدمت یاصحافتی خدمت کے حوالے سے منظر عام پر آئے۔ یہ بے لوثی اورشہرت ناپسندی بلاشبہ اخبار کو مضبوط سے مضبوط تر کئے ہوئے ہے۔اخبار کی بابت زائد تفصیلات کے لئے 9986437327 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔آخر میں یہ کہے بنانہیں رہاجاسکتاکہ آج کاانقلاب جیسے نڈر،بے باک اورکھوجی خبریں دینے والے اخبار کو ملت اسلامیہ چاہتی اورپڑھتی ضرور ہے لیکن سوال یہ ہے کہ آیا ایسے اخبار کا مشکل گھڑی میں ساتھ بھی دیتی ہے؟جواب شاید ہی مثبت ملے۔