KMDCاور بی سی ایم بیدر دفاتراُردوسائن بورڈ سے محروم
بیدر: 4/جولائی (وائی آر) بیدر KMDC اور اقلیتی بہبود(بی سی ایم) کادفتر جو قدیم سرکاری اسپتال روبرو دفترضلع پنچایت بیدرمیں تھا، سال گذشتہ میلور میں واقع محکمہ ضلع پنچایت کے ایک دفتر میں منتقل کردیاگیاہے۔آج جب ہم نے اس دفتر کادورہ کیاتو دیکھاکہ کہیں پر بھی کاروبار کی متمنی اقلیت یااعلیٰ تعلیم کے خواہشمند اقلیتی طلبہ کے لئے اردو زبان میں کوئی رہنمائی موجود نہیں ہے۔
نوٹس بورڈ پرالبتہ ”شادی بھاگیہ(بدائی)“ اسکیم کے بارے میں اردو میں لکھا ہواتھا۔ دفتر کے نیچے حصہ کے کمرے ہوں یا پہلی منزل پر واقع دفتر کے مختلف کمرے ہوں، ہر طرف کنڑا زبان میں لکھا ہواملالیکن اقلیتوں کی زبان اردو کہیں نہیں ملی۔ ہم نے حیرت سے پوچھا کہ کیایہی اقلیتوں کاترقیاتی بورڈ ہے جہاں اقلیتوں کی زبان اردو میں کوئی رہنمائی نہیں ملتی۔ ہمارے ساتھی نے کہاکہ ہاں یہی دفتر ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بیدر میں 30تا40فیصد لوگ اردو بولنے، لکھنے پڑھنے اور سمجھنے والے ہیں لیکن ان کی رہنمائی کے لئے KMDCاور محکمہ اقلیتی بہبود کے دفتر کے پاس اقلیتی زبان اردو کاکوئی پرچہ(برائے رہنمائی) اور سائن بورڈ پر اردو نہیں ملتی۔ یہ ایک حیرت انگیز بات ہے۔ا س طرف ارباب مجاز کو توجہ دینی ہوگی۔
ایک ایسے وقت جبکہ محکمہ اقلیتی بہبود کے وزیر بی زیڈ ضمیراحمد خان 2اور3جولائی کو دوروزہ ”جشنِ اردو“ بنگلو رمیں مناچکے ہیں، KMDCدفتر بیدر میں اردو کانہ ہونا بہت سے سوال کھڑے کرتاہے۔
تاہم اہلیان بیدر کو امید ہے کہ وزیر اقلیتی بہبود اردو کی بقااور اپنے محکمے میں اقلیتی زبان اردو کے استعمال کی طرف فوری توجہ دیتے ہوئے احکامات جاری کریں گے۔
ماشاء اللہ، عمدہ سائٹ ہے
بہت عمدہ سائٹ ہے ۔خوب محنت کریں