جھارکھنڈ میں ایک اور موب لنچنگ: جادو ٹونے کے شک میں ماں-بیٹی کا پیٹ پیٹ کر قتل
جھارکھنڈ کے مغربی سنگھ بھوم ضلع میں جادو ٹونا کے الزام میں ایک خاتون اور اس کی بیٹی کو پہلے بری طرح پیٹا گیا اور اس کے بعد انھیں مار ڈالا گیا۔ پولس نے ہفتہ کو یہ جانکاری دی۔ یہ واقعہ نکسل متاثرہ رواؤلی گاؤں میں جمعرات کی شب ہوا۔ پولس کے مطابق واقعہ کے دوران خاتون کا شوہر سبھاش کھنڈیت اور بیٹا بھاگنے میں کامیاب رہے۔ انھوں نے جمعہ کو معاملہ درج کرایا۔
کھنڈیت نے شکایت میں لکھا کہ پیر کو ان کے گھر میں ایک پوجا ہوئی تھی جس میں ان کے پڑوسی رام بلاس کی بیوی شامل ہوئی تھیں۔ پوجا کے بعد وہ بیمار ہو گئی۔ اس کے بعد رام بلاس کے گھر والوں نے کھنڈیت کی بیوی اور بیٹی پر حملہ کر دیا۔ مغربی سنگھ بھوم کے ڈی ایس پی آنند موہن نے میڈیا کو بتایا کہ ’’معاملہ درج کر لیا گیا ہے اور ہم معاملے کی جانچ کر رہے ہیں۔‘‘