دہلی یونیورسٹی کے کالجوں میں پہلے دن 2750 سے زائد داخلے
دہلی یونیورسٹی کے کالجوں میں جمعہ کے روز سے داخلے کا عمل شروع ہو گیا اور پہلے ہی دن رات کے 10 بجے تک 2758 بچوں نے خود کو اس کالج سے منسلک کر لیا۔ دہلی یونیورسٹی کے ایک افسر کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق داخلہ لینے والے 2758 بچوں میں سے تقریباً 1300 بچوں نے اپنی فیس بھی جمع کر دی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی یونیورسٹی نے گزشتہ دنوں انڈر گریجویٹ کورس کے لیے اپنا پہلا کٹ آف جاری کیا تھا۔ یونیورسٹی کے کالجوں میں سب سے زیادہ کٹ آف ہندو کالج کا دیکھنے کو ملا تھا جہاں پالیٹیکل سائنس آنرس میں داخلہ کے لیے 99 فیصد نمبر کی ضرورت بتائی گئی تھی۔