بہار پولس ڈی جی پی نے اپنے ہی محکمہ پر اٹھایا سوال، کچھ پولس افسر ہی پولس محکمہ کا حوصلہ پست کرنے میں مصروف ہیں
بہار کے ڈی جی پی گپتیشور پانڈے نے پولس محکمہ کے افسران کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’بہار پولس کے کچھ افسر اپنے ساتھی پولس اہلکاروں کا حوصلہ پست کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسے افسر سدھر جائیں۔ وہ کچھ بھی کرلیں، ہماری ہمت نہیں ٹوٹے گی۔‘‘ گپتیشور پانڈے نے اپنے ہی محکمہ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ پولس افسر ہی سازش کے تحت پولس محکمہ کا حوصلہ پست کرنے میں مصروف ہیں۔ انھوں نے حالانکہ ایسے افسران کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افسر سدھر جائیں، وہ کچھ بھی کریں گے لیکن ہمارا حوصلہ نہیں ٹوٹے گا۔ یہ بات بہار ڈی جی پی نے ’فیس بک لائیو‘ کے ذریعہ کہی۔
واضح رہے کہ پولس ڈائریکٹر جنرل پانڈے ان دنوں رات میں ہی مختلف تھانوں کا معائنہ کرنے پہنچ جا رہے ہیں تاکہ پتہ چل سکے کہ تھانہ میں کس طرح کی سرگرمیاں چل رہی ہیں اور پولس اہلکاروں اپنی ذمہ داریوں کو ٹھیک طرح نبھا رہے ہیں یا نہیں۔ مسٹر پانڈے کی ان کوششوں کی لوگ کافی تعریف بھی کر رہے ہیں۔
غور طلب ہے کہ اپوزیشن نظامِ قانون کو لے کر حکومت کو لگاتار تنقید کا نشانہ بناتی رہی ہے۔ گزشتہ دنوں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بھی نظامِ قانون کو لے کر ریاست کے سینئر پولس افسران کے ساتھ میٹنگ کی تھی۔ ریاست میں بڑھتے جرائم پر قابو پانے اور پولس محکمہ میں پھیلی بدعنوانی پر لگام لگانے کے لیے بھی کوششیں ہو رہی ہیں۔ ڈی جی پی گپتیشور پانڈے کا تازہ بیان اسی کوشش کا نتیجہ ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ پولس اہلکار اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور کوئی ایسا کام نہ کریں جس سے محکمہ کو بدنامی کا سامنا کرنا پڑے۔