نفرت انگیز تقاریرکرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ناگزیر
آل انڈیا دلت مسلم او بی سی ویلفیئر اسوسی ایشن کے قومی صدر محمد رفیق کی حکومت سے اپیل
حیدرآباد:30/دسمبر (پی این) آل انڈیا دلت مسلم او بی سی ویلفیئر اسوسی ایشن کے قومی صدرمحمد رفیق اور بانی جہانگیر پاشاہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ حالیہ دنوں اتراکھنڈ میں دھرم سنسند کا انعقاد کیا گیا جہاں پر اشتعال انگیز تقاریر اور مدھیہ پردیش میں وائرل نفرت بھری ویڈیو کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ایسے افراد کے خلاف حکومت کو چاہئے کہ وہ قانونی کارروائی کرے۔
کسی بھی مذہب کے تعلق سے اہانت آمیز بیان دینا اور پرامن ملک کی فضاء کو مکدر کرنے کی کوشش کرنا نہایت خطرناک جرم ہے۔ ہندوستان مختلف مذاہب کے ساتھ ایک خوبصورت گلدستہ ہے اس گلدستہ کی مختلف خوبصورت پھولوں سے ہے کسی بھی پھول کو مسلنے کی بات کو قطعی برداشت نہیں کرنا چاہئے۔ تمام مذاہب کا احترام کرنا چاہئے۔ خود کو مذہبی ٹھیکہ دار کہلانے والے نفرت کے سوداگر بنے ہوئے ہیں۔ سارے ملک ہی نہیں بلکہ دنیا بھر اس کی مذمت کی جارہی ہے۔ اس کے باوجود ان کے خلاف حکومتیں سخت کارروائی نہیں کررہی ہے۔ ایسی کھلی چھوٹ انھیں مزید خطرناک بنارہی ہے۔
ایک طرف مہاتماگاندھی کی شبیہ کو بگاڑا جارہا ہے تو دوسری طرف امن و سلامتی کے قاتل گوڑسے کی ستائش کی جارہی ہے۔ ہمارے وطن عزیز کو جس راستے پر لانے کوشش کی جارہی ہے وہ سراسر غلط ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری اشتعال انگیز بیانات دینے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرے۔ جنھوں نے سرے عام مسلمانوں کی نسل کشی کی دھمکی دی ہے۔
20 کروڑ مسلمانوں میں خوف پید اکرنے کی کوشش کی جارہی ہے جب کہ اس طرح کی کوششیں جب بھی ہوں گی اس کی مذمت کی جائے گی اور عوام انھیں اپنے ووٹ کے ذریعے سبق سکھائیں گے۔ کہیں عیسائیوں کے چرچوں پر حملے کیے جارہے ہیں تو کہیں کسی بے قصور دلت کو مار مار کر ہلاک کیا جارہاہے۔
آل انڈیا دلت مسلم او بی سی ویلفیئر اسوسی ایشن کے قومی صدرمحمد رفیق نے حکومت سے اپیل کی کہ حکومت فوری حرکت میں آئے اور بے لگام وحشیوں کے خلاف فوری لگام کسے۔ تاکہ آنے والے دنوں میں کبھی کوئی اس طرح امن و امان اور سلامتی کے لیے خطرہ نہ بنے۔ ملک کی ترقی اور خوش حالی کے لیے نفرت پھیلانے والوں پر شکنجہ کسنے کی ضرورت ہے۔