خلیج عمان میں ٹینکروں پر حملے میں امریکہ کا ہاتھ: ایران کا الزام
تہران: اقوام متحدہ میں ایران کے نائب مستقل مندوب نے جمعہ کے روز کہا کہ خلیج عمان میں دو ٹینکروں پر حالیہ حملے کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ ہے۔ خلیج عمان میں ٹینکروں پر حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے ایران کے دورے پر سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ سے ملاقات کر رہے تھے۔
ایرانی مندوب اسحاق الحبیب نے جاپانی ریڈیو این ایچ کے سے کہا کہ ” ایران کو پھنسانے کے لئے اس حملے کے پیچھے اگر کسی کا ہاتھ ہے وہ امریکہ ہے”۔
جمعرات کو خلیج عمان میں ہونے والے مشکوک حملے میں دو ٹینکروں ‘فرنٹ الٹیر اور کوکوکا کریجیس’ میں دھماکے کیے گئے تھے۔ ٹینکروں میں دھماکوں کا سبب اگرچہ نامعلوم ہے، تاہم، امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے انٹلیجنس کی اطلاعات کے حوالے سے کہا کہ اس حملے کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے اپنے دعوے کی حمایت میں کوئی ثبوت نہیں پیش کرسکا ہے۔