ریاستوں سےمہاراشٹرا

بین ضلعی تبادلہ ہونے والے اساتذہ کو ریلیو کیا جائے

اکھل مہاراشٹر اردو شکشک سنگھٹنا کا مطالبہ، وزیراعلیٰ کو مکتوب روانہ 

دیولگاوں ماہی: ریاستی حکومت کے محکمہ تعلیم کی جانب سے روبہ عمل لائے جانے والے بین ضلعی و درون ضلع تبادلوں کی پالیسی میں ضروری ترمیمات و اصلاحات کرنے، بین ضلعی تبادلہ ہوچکے اساتذہ کو ریلیو کرنے، اردو میڈیم کے اساتذہ کے تبادلوں کا خصوصی پروگرام روبہ عمل لانے وغیرہ مطالبات اکھل مہاراشٹر اردو شکشک سنگھٹنا کی جانب سے ریاستی حکومت کو پیش کیے گئے ہیں۔ ان مطالبات وتجاویز  پر مشتمل ایک محضر تنظیم کےایک نمائندہ وفد کی جانب سے ضلع کلکٹر بلڈانہ کی معرفت ریاستی وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کو روانہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے ذریعے ضلع پریشد پرائمری ٹیچرز کے بین ضلعی و درون ضلع تبادلوں کی ترمیم شدہ پالیسی ریاستی حکومت کی جانب سے روبہ عمل لائی جا رہی ہے۔ اسی پالیسی کے تحت حال ہی میں ٹیچرز کے بین ضلعی تبادلے کیے گئے تاہم ان تبادلہ شدہ ٹیچرز کو ان کی موجودہ سروس والی ضلع پریشدوں سے ریلیو نہیں کیا جارہا ہے۔ اس کی تکنیکی وجہ یہ ہے کہ ضلع سے کسی ٹیچر کو ریلیو کرنے کے لیے اس ضلع میں 10 فیصد سے زائد اسامیاں مخلوعہ نہ ہونی چاہئیں۔

اکھل مہاراشٹر اردو شکشک سنگھٹنا نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس شرط کو منسوخ کرتے ہوئے ضلع بدلی ہونے والے تمام ٹیچرز کو ریلیو کیا جائے۔ تنظیم نے حکومت کو یہ مشورہ دیا ہے کہ درون ضلع تبادلہ پالیسی میں مذکور اساتذہ مساویانہ تقسیم نیز نئی شکشک بھرتی کے ذریعہ ٹیچرز کی کمی پوری کی جائے۔ حکومت کی جانب سے باقاعدہ شکشک بھرتی ہونے تک ضلع پریشدوں، پنچایت سمیتیوں یا اسکول انتظامیہ کمیٹیوں کو مقامی سطح پر ٹیچرز بھرتی  کا متبادل بندوبست کرنے کا اختیار دیا جائے۔تنظیم نے ان مطالبات کے علاوہ بعض دیگر امور و معاملات پر غور کرنے اور تبادلہ پالیسی میں اصلاحات کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔

اردو میڈیم ضلع پریشد اساتذہ کے تبادلوں کی پالیسی میں یہ نقص ہے کہ کئی ضلعوں میں ایس سی، ایس ٹی وغیرہ زمروں کے اردو اساتذہ کی اسامیاں خالی ہیں اور ضلع بدلی کے خواہش مند مذکورہ زمروں کے اساتذہ دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے یہ اسامیاں خالی ہی رہتی ہیں۔ تنظیم کا مطالبہ ہے کہ جس طرح شکشک بھرتی کے وقت اردو میڈیم اسکولوں کے لئے ایس سی، ایس ٹی وغیرہ زمروں کے امیدوار دستیاب نہ ہونے پر محکمہ تعلیم کے 07/12/2001 کے فیصلے کے مطابق ان اسامیوں کو  اوپن زمروں کے امیدواروں سے پر کیا جاتا ہے.

اسی طرز پر 10/06/2022 کے آرڈر کے مطابق ان زمروں کے اساتذہ کی مخلوعہ اسامیوں کو اوپن زمرے کے اساتذہ کے تبادلوں کے ذریعہ پر کیا جائے۔ اس سلسلے میں اردو میڈیم اساتذہ کے بین ضلعی تبادلوں کا خصوصی پروگرام روبہ عمل لایا جائے۔ اسی کے ساتھ اساتذہ کا ڈموشن نہ کرتے ہوئے وہ جس پوسٹ پر کام کررہے تھے اسی پوسٹ اور پے اسکیل پر ضلع بدلی کی جائے، جہاں اسامیاں دستیاب نہ ہونے کی صورت میں ڈموشن لینا ضروری ہو  وہاں اساتذہ سے کسی قسم کی رقم  (تنخواہ کی اضافی رقم ) وصول نہ کی جائے۔

اس سال درون ضلع تبادلوں کے لیے 31 جولائی 2022 تک کی سروس کو شمار کیا جائے نیز بین ضلعی و درون ضلعی دونوں قسم کے تبادلوں میں ضلع پریشد ہائی اسکول، نگر پریشد، مہانگر پالیکا، بی ایم سی اور خانگی اسکولوں کے اساتذہ کو بھی شامل کیا جائے وغیرہ مطالبات سے متعلق دیہی ترقیاتی محکمے سے سفارش کرنے کی گزارش اکھل مہاراشٹر اردو اساتذہ تنظیم کے ریاستی سیکریٹری شیخ ضمیر رضا نے بلڈھانہ ضلع کلکٹر کی معرفت وزیر اعلیٰ ایکناتتھ شندے کو بھیجے گئے مکتوب میں کی ہے۔ اس وفد میں تنظیم کے ریاستی نائب صدر جعفر پٹیل سرکار کے علاوہ بلڈھانہ ضلع صدر سید انیس سر، سعید سر، جعفر سر وغیرہ شامل تھے۔(رپورٹ: اختر خان)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!