بھگوا پارٹی کے MLA کو صرف گرفتار نہیں، بلکہ شہر بدر کیا جائے: جماعتِ اسلامی تلنگانہ
تلنگانہ میں فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی مذموم کوششیں قابل مذمت، مفادات حاصلہ امن وبھائی چارگی کی فضاء کو متاثر کرنے کے درپہ، مولانا حامدمحمدخان امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کا بیان
حیدرآباد: 23/اگست(پی آر) مولانا حامدمحمدخان امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ نے ریاست کی پرامن فضاء کو متاثر کرنے اور فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی کوششوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امن اور بھائی چارگی کا ماحول نہ صرف پرامن وپرسکون زندگی کے لیے ضروری ہے بلکہ ملک کی تعمیر وترقی کے لیے بھی لازم ہے۔ بھگوا پارٹی کے رکن اسمبلی اپنے زباں وبیاں سے ریاست کے بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنے کی ناکام کوشش میں لگے ہوئے ہیں تاکہ تلنگانہ میں اقتدار کے خواب کی تکمیل ہوسکے۔
مولانا حامدمحمدخان نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند اس طرح کی تمام کوششوں کی سخت مذمت کرتی ہے اور حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ محض گرفتارکرنے پر ہی اکتفا نہ کرے بلکہ ایسے مذموم شخص کوشہر بدر کیا جائے تاکہ ریاست میں امن وآشتی کاماحول برقرار رہے۔
امیرحلقہ تلنگانہ مولانا حامدمحمدخان نے امن پسند عوام خصوصاً ملت اسلامیہ سے اپیل کی کہ وہ صبروتحمل کا مظاہرہ کریں اور ہر قسم کی اشتعال انگریزی سے پرہیز کریں۔