”نعت اکادمی کرناٹک“ کے قیام کا اعلان، مبین منور ہوں گے صدر
بیدر: 23/اگست (اے ایس ایم) بانی”نعت اکادمی کرناٹک“ مبین منور، سابق چیرمین کرناٹک اردو اکادمی نے ایک اخباری اعلان میں بتایاکہ انشاء اللہ بہت جلد نعت اکادمی کرناٹک کا بنگلورمیں قیام عمل میں آئے گا۔ نعت اکادمی کرناٹک کے نام سے ٹرسٹ بھی رجسٹر ہوچکاہے جس کے صدر مبین منور ہوں گے۔ منیر احمد جامی نائب صدر، شفیق عابدی معتمد، معاون معتمد ریاض احمد خمار، خزانچی محمد عبیداللہ شریف کے علاوہ کے یم حبیب اللہ اورعبدالرب عرف ندیم فاروقی ٹرسٹیان ہوں گے۔ نعت اکادمی کرناٹک کے ابتدائی خرچ واخراجات کے لئے سید اشرف سرا نے 2 لاکھ روپیہ عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے اور وعدہ کیا ہے کہ وقتاً فوقتاً جب بھی جتنی بھی رقم درکار ہوگی وہ دیں گے۔
نعت اکادمی کے اہم اغراض ومقاصد میں نعت نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے فروغ کے لئے کام کیا جائے گا۔ ریسرچ سینٹر بنایا جائے گا۔ ویب سائٹ بنایا جائے گا جس میں کرناٹک بھر کے شعرائے کرام کی نعتوں کو شامل کیا جائے گا۔تمام شعرائے کرام سے گزارش کی جاتی ہے کہ براہ کرم اپنی پسندیدہ نعتوں کو واٹس اپ نعت اکادمی کرناٹک پربھیجیں تاکہ وہ ویب سائٹ پر شامل کرسکیں۔
ریاست بھر کے علمائے کرام سے بھی گزارش ہے کہ آقائے کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے معجزات کو ویب سائٹ پر ڈالنے کے لئے روانہ فرمائیں۔جن شعرائے کرام کے پاس نعتیہ کلام کا مجموعہ ہے براہ کرم وہ مندرجہ ذیل پتہ پر ارسال فرمائیں تاکہ وہ بھی ویب سائٹ میں مکمل شامل کرسکیں۔ Mubeen Munaver 377- 2A Main Road. IIBlock IStage HBR Layout- B-43 انشاء اللہ آل انڈیا نعتیہ مشاعرے کے انعقاد سے نعت اکادمی کرناٹک کا آغاز ہوگا۔ نئی نسل کے لئے نعتوں کے ترجمہ کے ساتھ ساتھ معجزات پر مبنی سہ ماہی رسالہ نعت اکادمی کرناٹک کے نام سے شائع کیا جائے گا۔ تمام عاشقان رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے گزارش ہے کہ نعت اکادمی کا حصہ بنیں اوراپنے زرین مشوروں سے نوازیں۔
اس اکادمی کے قیام کا اہم مقصد اردو زبان سے ناواقف نئی نسل کو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت،حیات، معجزات و واقعات کی جانکاری دینا ہے۔ بالخصوص ان طلبا وطالبات کو جو انگریزی مدارس میں زیرتعلیم ہیں۔ اس کے علاوہ ایک سہ ماہی مجلے کو بھی جاری کرنا ہے جس میں دینی معلومات بہم پہنچائی جائیں گی”بزبان انگریزی“۔