انصاف رسانی کو آسان بنانے مفت قانونی مشوروں کی فراہمی کا محمدفصیح الدین ایڈوکیٹ نے کیا اعلان
آل انڈیا دلت مسلم او بی سی ویلفیئر اسوسی ایشن کے قانونی مشیرمحمدفصیح الدین ایڈوکیٹ کی مساعی
حیدرآباد: 11/اپریل (پی این) عدالتوں میں بہت سے ایسے مقدمات ہوتے ہیں جس میں معاشی طور پر کمزور ہونے کی وجہ سے وکیل کاانتظام نہیں کرپاتے ہیں اور معمولی مقدمات میں برسوں قید میں رہتے ہیں۔ ایسے معامالت میں دلت، مسلم اور او بی سی طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد بھی بڑی تعداد میں ہیں۔ انھیں فوری مفت قانونی امداد اور مفت مشوروں کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ ذمہ داری دلت مسلم او بی سی کے لیگل ایڈوائزرمحمد فصیح الدین ایڈوکیٹ ادا کرنے والے ہیں۔ کئی شہری معاشی طور پر کمزور ہونے کی وجہ سے نہ وکیل کی خدمات حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہوتے ہیں اورنہ مچلکہ اداکرنے کی۔ اس طرح وہ معمولی الزام کے تحت برسوں جیل میں رہتے ہیں۔ اس کی وجہ سے نہ صرف جیلوں میں قیدیوں کی تعداد بڑھتی رہتی ہے بلکہ عدالتوں میں مقدمات کا بوجھ بھی بڑھتا ہے۔
مقدمات زیادہ ہونے کی وجہ سے سماعت کی تاریخ لمبی لمبی ملتی ہے۔اس طرح معاملہ ایک طرح سے معلق رہتا ہے۔ قانونی چارہ جوئی، خود کو بے گناہ ثابت کرنا اورانصاف کا عمل اتنا مشکل ہوجاتا ہے کہ لوگ جرم کے لیے عدالتی فیصلے کے بغیر مقررہ سزاسے زیادہ وقت جیلوں میں گزاردیتے ہیں۔سب سے زیادہ تشویش ناک صورت حال اس وقت ہوتی ہے جب ناکردہ گناہوں کی سزا 10-10سال کاٹ لیتے ہیں اورپھر باعزت بری ہوجاتے ہیں۔
اخبارات میں شائع نیشنل کرائم ریکارڈس بیورو(این سی آربی)کی جیلوں میں بند قیدیوں سے متعلق رپورٹ آئی جس میں 31دسمبر 2016تک کے اعدادوشمار جمع کیے گئے ہیں، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک کی 1,400جیلوں میں 2016 میں 4.33لاکھ قیدی ہیں، جن میں مجرم یا جن پر الزام ثابت ہوچکا ہے یا جنہیں سزا ہوچکی ہے،ایسے قیدیوں کی تعداد1,35,683ہے جبکہ زیرسماعت قیدیوں کی تعداد 2,93,058ہے یعنی 67 فیصددوتہائی قیدی زیرسماعت ہیں۔
این سی آربی کی رپورٹ کا وہ پہلو غورطلب ہے کہ قیدیوں میں 1,649 خواتین ایسی ہیں جو اپنے 1,942 بچوں کے ساتھ جیلوں میں ہیں۔یعنی قیدی خواتین سے زیادہ ان کے بچے ہیں جنہوں نے کوئی جرم نہیں کیا ہے لیکن ضوابط کے مطابق 6سال تک کے بچوں کو ماں کے ساتھ جیل میں رہنے کی اجازت ہے۔اس لیے ماں کے ساتھ بچے بھی کسی نہ کسی وجہ سے جیل میں رہنے پر مجبور ہیں۔ اب پریشان حال شہریوں کے لیے راحت کا سامان ہورہا ہے۔
لہٰذا ضرورت مند عوام فون نمبر9059830207 پر شام 6 بجے تا 8 لیگل ایڈوائزرکووہاٹس اَپ کے ذریعے ربط پیدا کرکے مفت قانونی مشورے حاصل کرسکتے ہیں۔
اس موقع آل انڈیا دلت مسلم او بی سی ویلفیر اسوسی ایشن کے قومی صدرمحمد رفیق اور بانی جہانگیر پاشاہ، محمد مجید آل انڈیا وائس پرسیڈنٹ و اسپوک پرسن تلنگانہ،محمد شاہ ولی جنرل سکریٹری،محمد اطہرالدین، محمد مسیح الدین، محمد مشتاق احمد، محمد ساجداور محمد خواجہ، ڈاکٹر واجدہ بیگم، انیس فاطمہ اور دیگر ممبران موجود تھے۔