محبت سے انکار کرنے پر نوجوان نے لڑکی کا گلا کاٹ دیا
حیدرآباد: 21/مارچ- محبت سے انکار کرنے پر ایک نوجوان نے لڑکی کا گلا کاٹ دیا۔ یہ واردات آندھراپردیش کے ضلع نیلور کے وینکٹ گری علاقہ میں پیش آئی۔ لڑکی کی شناخت انٹرمیڈیٹ میں زیرتعلیم 18سالہ جیوتیکا کے طور پر کی گئی ہے۔ سی کرشنا نامی نوجوان اس لڑکی کو محبت قبول کرنے کے لئے اصرار کر رہا تھا، تاہم لڑکی نے محبت قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ یہ لڑکی پیر کو کالج پہنچی تاہم لڑکے نے چاقو سے اس کا گلا کاٹ دیا اور وہاں سے فرار ہوگیا۔ اس زخمی لڑکی کو علاج کے لئے فوری طورپر اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں وہ زیرعلاج ہے۔ لڑکی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرلیا۔ پولیس نے مفرور حملہ آور کی تلاش شروع کردی ہے۔