تلنگانہریاستوں سے

حیدرآباد: برائٹ بگن کی جانب سے بزنس ایکسپو کا انعقاد، سینکڑوں نوجوانوں کی شرکت

امیر حلقہ مولانا حامد محمد خان‘ مفتی صادق محی الدین‘ ڈاکٹر شیخ محمد عثمان، ڈاکٹر احسن الحمومی و دیگر کا خطاب

کامیاب انٹر پرینرس کے تاثرات‘ شرکاء کا غیر معمولی رد عمل

حیدرآباد: 21/مارچ (پی آر) اسلام نے جہاں دنیا کے تمام مسائل کے حل پیش کیے ہیں وہیں غربت کا حل بھی بتایا ہے۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلم نوجوان اپنے اندر خود انحصاری پیدا کریں‘ دوسروں پر منحصر ہونے کی عادت سے باہر نکلیں‘ اپنے پیروں پر خود کھڑے ہوں اور تجارت کو اپنا ذریعہ معاش بنائیں۔ ان خیالات کااظہار امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے برائٹ بگن تلنگانہ (شعبہ ملی اُمور جماعت اسلامی ہند تلنگانہ) کی جانب سے خواجہ منشن فنکشن ہال مانصاب ٹینک حیدرآبادپر منعقدہ اپنی نوعیت کے پہلے منفرد بزنس ایکسپو سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اس بزنس ایکسپو میں عامتہ المسلمین کیجانب سے غیر معمولی جوش و خروش دیکھا گیا اور کثیر تعداد میں مرد و خواتین بالخصوص نوجوانوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر کئی اسٹالس لگائے گئے تھے جہاں بزنس انٹر پرینرس نے اپنے تجربات اور کاروبار سے متعلق تفصیلات پیش کیں‘ سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے مولانا حامد محمدخان نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کا شعبہ ملی اُمور اُمت کے تحفظ وترقی کے ضمن میں ملت کے نوجوانوں کو معاشی‘ سماجی‘ روحانی‘ معنوی اور شخصی طور پر ہر طرح سے آگے بڑھانے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ برائٹ بگن‘ شعبہ ملی اُمورکی جانب سے قائم کردہ ادارہ ہے جو نوجوانوں کی ہر طرح کی رہنمائی کرے گا جو تجارت و صنعت میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ تا کہ مسلمان اس ملک میں باوقار زندگی بسر کر سکیں۔

معروف عالم دین مفتی صادق محی الدین فہیم نے قرآن و حدیث کے حوالوں سے تجارت کی اہمیت و افادیت کو واضح کیا۔ ڈاکٹر شیخ محمد عثمان سکریٹری شعبہ ملی اُمور نے کہا کہ معیشت مضبوط اورحلال ہوگی تو ایمان اور دین بھی مضبوط ہو گا۔ مولانا ڈاکٹر احسن الحمومی (خطیب شاہی مسجد باغ عامہ) نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی ﷺ نے فرمایا کہ سچائی‘ امانت اور دیانت کے ساتھ تجارت کرنے والا مومن جنت میں میرے ساتھ ہوگا۔ محمد اظہر الدین سکریٹری شعبہ رابطہ عامہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ تجارت میں کامیابی کے لئے ایمانداری‘ محنت‘ لگن اور جستجو کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ تجارت میں اللہ تعالیٰ نے خیر و برکت رکھی ہے۔ اُنہوں نے اس موقع پر حضرت خدیجہ ؓ اور حضرت عبدالرحمن بن عوف ؓ کی مثالیں پیش کیں۔

یوسف علی خان صدر رفاہ چیمبرس آف کامرس تلنگانہ نے کہا کہ رفاہ بھی جماعت اسلامی ہندکا مرکزی ادارہ ہے جو ملک کی 17 ریاستوں میں سرگرم عمل ہے جو تجارت‘ صنعت و حرفت میں آگے بڑھنے کی دلچسپی رکھنے والوں کی ہر طرح سے تعاون و رہنمائی کر رہاہے۔ مولانا یوسف زاہد سابق صدر نشین کھا دی اینڈ ویلیج انڈسٹریز بورڈ تلنگانہ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں حکومت کی مختلف اسکیمات کا  ذکر کیا۔

اس موقع پر محمد لطیف خان چیر مین ایم ایس ایجوکیشن‘ معراج فہیم (ایڈونچر پارک)‘ ڈاکٹر نشید علی‘ ڈاکٹر خضر حسین جنیدی‘ محترمہ گلزار کرشمہ ملک (سی۔اے) و دیگر نے بھی مخاطب کیا۔ نوجوان انٹر پرینرس اور بزنس مین محمد جاوید علی (ایونٹ مینیجر) ڈاکٹر مزمل انظر‘ برادر قاسم (آئی واٹر)‘ حافظ محمد اظہر محی الدین (بائیو ریفامس)‘ حافظ و قاری سید الزما‘ جناب ابو بکر (زبیو کمپنی) نے اپنے کاروبار کے تجربات کا نچوڑ پیش کیا۔

اس موقع پر سکریٹریز ایم این بیگ زاہد‘ سید فخر الدین علی احمد‘ ریاستی ناظمہ شعبہ خواتین آسیہ تسنیم بھی موجود تھے مسعود صہیب نے تمام شرکاء و مندوبین کا شکریہ اداکیا۔ عبدالمحی نے پروگرام کی نظامت کی۔ محمد کلیم الدین‘ منیرالدین‘ میرعباس علی‘ مقصود ہاشمی و دیگر کارکنان نے انتظامات میں حصہ لیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!