ٹاپ اسٹوری

انڈیا گیٹ کی مشعل بجھانے پر راہل گاندھی نے کہا ‘کچھ لوگ حب الوطنی اور قربانی نہیں سمجھ سکتے’

دہلی میں انڈیا گیٹ پر موجود ’امر جوان جیوتی‘ کی مشعل کو ہمیشہ کے لئے بجھایا جا رہا ہے، یہ مشعل اب نیشنل وار میموریل کی مشعل کے ساتھ مل جائے گی، راہل گاندھی نے اس پر اعتراض ظاہر کیا ہے

نئی دہلی: دہلی میں انڈیا گیٹ پر نصب کی گئی امر جیوتی کی مشعل کو ہمیشہ کے لئے بجھایا جا رہا ہے۔ حکومت نے دلیل دی ہے کہ اس مشعل کی ریکھ بھال کرنا مشکل ہو رہا ہے لہذا اسے نیشنل وار میموریل (قومی جنگ کی یادگار) پر روش کی گئی مشعل کے ساتھ ملا دیا جائے گا۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اس پر اعتراض ظاہر کیا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا ہے کہ کچھ لوگ حب الوطنی اور قربانی نہیں سمجھ سکتے، امر جوان جیوتی ایک بار پھر جلائیں گے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق فوج کے افسران کا کہنا ہے کہ امر جوان جیوتی کو جمعہ کی دوپہر قومی جنگ کی یادگار پر جل رہی مشعل میں ضم کیا جائے گا، جوکہ انڈیا گیٹ سے دوسری طرف صرف 400 میٹر کے فاصلہ پر موجود ہے۔ نیشنل وار میموریل کا افتتاح 25 جنوری 2019 کو وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا تھا، جہاں 25942 فوجیوں کے نام طلائی الفاظ میں درج ہیں۔

امر جوان جیوتی کی مشعل بجھانے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’بہت دکھ کی بات ہے کہ ہمارے بہادر جوانوں کے لئے جو امر جیوتی جلتی تھی، اسے آج بجھا دیا جائے گا۔ کچھ لوگ حب الوطنی اور قربانی نہیں سمجھ سکتے۔ کوئی بات نہیں… ہم اپنے فوجیوں کے لئے امر جوان جیوتی ایک بار پھر روشن کریں گے۔‘‘

خیال رہے کہ انڈیا گیٹ کو برطانوی حکومت کی جانب سے پہلی جنگ عظیم میں شہید ہونے والے ہندوستانی جوانوں کی یاد میں تعمیر کرایا گیا تھا۔ اس کے بعد 1972 میں 1971 میں پاکستان کے ساتھ جنگ میں شہید ہندوستانی فوجیوں کی یاد میں امر جوان جیوتی کی مشعل روشن کی گئی۔ اس جنگ میں ہندوستان کی فتح ہوئی تھی اور بنگلہ دیش وجود میں آیا تھا۔ اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے 26 جنوری 1972 میں اس کا افتتاح کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!