خبریںقومی

اشتعال انگیز بیانات: صبا نقوی، نوپور شرما اور نوین جندل سمیت 9 افراد کے خلاف FIR درج

دہلی پولیس نے صحافی صبا نقوی، بی جے پی کے سابق ترجمان نوپور شرما اور نوین کمار جندل کے علاوہ پیس پارٹی ترجمان شاداب چوہان، مفتی ندیم اور ہندو مہاسبھا کی عہدیدار پوجا شکون کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے

نئی دہلی: دہلی پولیس نے بی جے پی کی سابق ترجمان نوپور شرما کے خلاف ایک ٹی وی بحث کے دوران پیغمبر اسلام کے بارے میں توہین آمیز تبصرہ کرنے پر ایف آئی آر درج کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز پوسٹ ڈالنے اور غلط معلومات دینے کے خلاف 8 دیگر افراد کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔ دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے ان لوگوں کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں بی جے پی کے سابق ترجمان نوین جندل، صحافی صبا نقوی کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایف آئی آر میں پیس پارٹی کے چیف ترجمان شاداب چوہان، مولانا مفتی ندیم، عبدالرحمن، گلزار انصاری، انیل کمار مینا اور ہندو مہاسبھا کی عہدیدار پوجا شکون پانڈے کے نام ہیں۔ دہلی پولیس اب ان لوگوں کو پوچھ گچھ کے لیے نوٹس بھیجنے کی تیاری کر رہی ہے۔

دہلی پولیس کی جانب سے ان تمام افراد کے خلاف دشمنی پھیلانے، لوگوں کو بھڑکانے اور آپسی بھائی چارے میں دراڑ پیدا کرنے میں ملوث ہونے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ غور طلب ہے کہ بی جے پی پیغمبر اسلام پر نازیبا تبصرہ کرنے والی پارٹی کی ترجمان نوپور شرما کو پہلے ہی معطل کر چکی ہے، جبکہ نوین جندل کو پارٹی سے نکال دیا گیا ہے۔

ادھر، معروف صحافی صبا نقوی پر الزام ہے کہ انہوں نے اس وقت مبینہ طور پر شیولنگ کا مذاق اڑاتے ہوئے ٹوئٹ کیا، جب ہندو گروپ دعویٰ کر رہے تھے کہ انہیں وارانسی میں گیان واپی مسجد کے احاطے سے ایک شیولنگ ملا ہے۔ ان کے ٹوئٹ پر لوگوں نے اعتراض ظاہر کیا۔ صبا نقوی نے بعد میں ٹوئٹ ڈیلیٹ کر کے وضاحت جاری کر دی۔

خیال رہے کہ دہلی پولیس کو پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی کرنے والے بی جے پی لیڈران کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر سخت تنقید کا سامنا ہے۔ مہاراشٹر پولیس نے نوپور شرما کے خلاف مقدمات درج کیے تھے، مگر دہلی پولیس نے اس معاملہ کو نظر انداز کر دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!