ریاستوں سےکرناٹک

کرناٹک میں مسلم نوجوان کے بہیمانہ قتل، ریاستی وزیر داخلہ کو استعفی دینا چاہئے: SDPI

بنگلور: 19/جنوری (پی آر) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) کے ریاستی صدر عبدالمجید میسور نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں نرگنڈا میں سنگھ پریوار کے دہشت گردوں کے ہاتھوں ایک مسلم نوجوان سمیر کے قتل کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے اور اس قتل میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ جب سمیر اور اس کا دوست شمشیر کام سے واپس آرہے تھے تو آر ایس ایس کے غنڈوں نے ان پر مہلک ہتھیاروں سے حملہ کیا تھا، انہوں نے سمیر کو مار مار کر ہلاک کردیا اور شمشیر پر بھی جان لیوا حملہ کیا اور اس کی حالت تشویشناک ہے۔

ایس ڈی پی آئی ریاستی صدر عبدالمجید میسور نے اس بات کی خصوصی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں ریاست کرناٹک میں اقلیتوں اور پسماندہ طبقات پر مسلسل حملے ہورہے ہیں۔ چیف منسٹر بومئی کے اشتعال انگیز بیانات نے بھی اس قسم کے واقعات کو جنم دیا ہے۔ سنگھ پریوار کے دہشت گرد عوامی پروگرام منعقد کرکے ترشول تقسیم کررہے ہیں اور اقلیتوں کے خلاف کھلے عام ہتھیار اٹھانے کا مطالبہ کررہے ہیں اور دوسری طرف محکمہ پولیس نے ان واقعات پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں جس سے اس قسم کے وحشیانہ حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

ریاست میں لاء اینڈ آرڈر مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے اور موجودہ صورتحال کی ذمہ دار پولیس ہے۔ “ترشول دیکشا “کے نام پر ترشول کی تقسیم اور دیگر فرقہ وارانہ اشتعال انگیز پروگرام بلا روک ٹوک جاری ہیں اور وزیر داخلہ ان فرقہ پرست عناصر کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ان کی حوصلہ افزائی کرتے نظر آئے ہیں، جس کی وجہ سے ریاست کے ہر حصے میں اقلیتوں اور دلتوں پر مسلسل حملے ہورہے ہیں۔

ایس ڈی پی آئی ریاستی صدر عبدالمجید نے ریاست میں امن وا مان برقرار رکھنے میں ناکامی کی اخلاقی ذمہ داری کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر داخلہ سے فوری استعفی دینے اور سمیراور شمشیر کے خاندانوں کو 25لاکھ روپئے معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!