وزڈم اسکول بیدر میں آل انڈیا ایجوکیشنل مومنٹ کے تعلیمی کارواں کا کیا گیا استقبال
ڈاکٹر عبدالقدیر، عبد المنان سیٹھ اور حافظہ ہدیٰ رابعہ کی تہنیت
بیدر: 6/جنوری (اے این ) مدارسر پرنسپال وزڈم پی یو کالج کی اطلاع کے مطابق پروفیسر خواجہ محمد شاہد صدر آل انڈیا ایجوکیشنل مومنٹ دہلی کی قیادت میں 14 نفری کارواں دہلی سے مہاراشٹرا کے مختلف شہروں سے ہوتے ہوئے بیدر پہنچا۔ محمد آصف الدین سکریٹری وزڈم ادارہ جات نے اس کارواں کا پر جوش استقبال کیا۔ اس موقع پر جلسہ تہنیت منعقد ہوا۔
محمد آصف الدین نے مہمانان کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ملت کے خیر خواہ ملت کا درد لے کر بیدر تشریف لائے ہیں، تاکہ تعلیمی شعور بیدار کریں۔ اور تعلیمی ترقی کا ماحول بنے، ڈاکٹر عبد القدیر کے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن نامزد کیے جانے پر اپنی خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان سے بڑی توقعات ہیں، علاقہ حیدر آباد کرناٹک سے دینی و مذہبی رہنمائی فرمائیں گے۔
سید منصور آغا سابق ایڈیٹر قومی آواز نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں چرند پرند اور دیگر مخلوقات پیدا ہوتی اور مرتی ہیں، انہیں یاد نہیں کیا جاتا لیکن کچھ انسان ایسے پیدا ہوتے ہیں کہ ان کے مرنے بعد بھی انہیں ہزاروں سال تک یاد کیا جاتا ہے، کیا آپ بھی اسی طرح بننا چاہتے ہیں۔ پروفیسر خواجہ محمد شاہد صدر آل انڈیا ایجوکیشنل مومنٹ دہلی نے کارواں کی آمد کا مقصد اور آل انڈیا ایجوکیشنل مومنٹ کاتعارف پیش کیااور بتایا کہ ہم تعلیمی میدان می ترقی کے بام عروج پر کیسے پہنچ سکتے ہیں۔
ڈاکٹر عبدالقدیر چیرمین شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنس نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی میدان میں کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے اساتذہ کی دل سے عزت کریں،ماں باپ کو خوش رکھیں، اگر ماں باپ ناراض ہیں تو اللہ بھی ناراض ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالقدیر نامزد رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اورعبد المنان سیٹھ کے اگزیکٹیو ممبر آل انڈیا ملی کونسل کے ہونے پر تہنیت پیش کی گئی۔
پروفیسر خواجہ محمد شاہد صدر آل انڈیا ایجوکیشنل مومنٹ دہلی، سید منصور آغا سابق ایڈیٹر قومی آواز، پروفیسر عبد القیوم ہیڈ شعبہ الکٹرکل جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی، ڈاکٹر محمد الیاس سکریٹری آل انڈیا ایجوکیشنل مومنٹ، ڈاکٹر نصر الدین پرنسپال گورنمنٹ مدرسہ ویسٹ بنگال، انجینئر ابراہیم ڈائرکٹر انڈو پرائڈ اسکول، ڈاکٹر سکندر اصلاحی رکن آل انڈیا ایجوکیشنل مومنٹ، قاضی محمد میاں ایڈمنسٹریٹر اسکالر اسکول زیر اہتمام جماعت اسلامی ہند، ڈاکٹر عبد الخالق پرنسپال گورنمنٹ مدرسہ ویسٹ بنگال کی تہنیت محمد آصف الدین کے ہاتھوں پیش کی گئی۔
حافظہ ہدیٰ رابعہ نے ایک دن میں مکمل قرآن سنایا، یہ جرأت مندانہ کامیابی مولانا ابو طلحہ قاسمی کی رہنمائی کا نتیجہ ہے۔ حافظہ ہدیٰ رابعہ بنت محمد آصف الدین، ابو طلحہ قاسمی اور مدار سر کی تہنیت پروفیسر خواجہ محمد شاہد کے ہاتھوں پیش کی گئی۔ کارواں کے افراد بہت متاثر ہوئے اور کہا کہ ہم نے بیدر کے بارے میں جیسا سنا تھا ویسا ہی پایا۔
محمد صلاح الدین فرحان جوائنٹ سکریٹری وزڈم انسٹی ٹیوشنس نے شکریہ ادا کیا۔ سید علی سر اور ان کی ٹیم نے پروگرام کی تیاری میں پیش پیش رہے۔ یحییٰ قادری کی تلاوت کلام اللہ سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ مفتی افسر علی نعیمی ندوی نے نظامت کے فرائض بحسن و خوبی انجام دیا۔