کورونا ویکسین کے بغیر پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کی اجازت نہیں دی جاسکتی، بامبے ہائی کورٹ میں مہاراشٹر حکومت کا حلف نامہ
حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ ایسے افراد جنہوں نے کورونا ٹیکے کی دونوں خوراکیں نہیں لی ہیں، ان کو لوکل ٹرین اور پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
ممبئی: مہاراشٹر حکومت نے بامبے ہائی کورٹ میں ایک حلف نامہ داخل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا ٹیکے کی دونوں خوراک نہ لینے والوں کو لوکل ٹرین اور پبلک ٹرانسپورٹ میں سفرکی اجازت دینے سے دوسروں کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ بامبے ہائی کورٹ کے جسٹس دیپانکردتا اور جسٹس ایم ایس کارنیک کی بنچ کے سامنے حکومت نے اپنے حلف نامے میں واضح کیا ہے کہ مدافعتی ٹیکے کی دونوں خوراک نہ لینے والوں کی وجہ سے دوسرے مسافروں میں کورونا اور اومیکرون کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے اس تناظر میں ریاستی حکومت بغیر ویکسین کے پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کی اجازت دینے کے حق میں نہیں ہے۔
واضح رہے کہ بامبے ہائی کورٹ ممبئی کی لوکل ٹرین میں سفر کی اجازت سے متعلق ایک عرضداشت پر سنوائی کرتے ہوئے، 15 دسمبر کو حکومت مہاراشٹر کے چیف سکریٹری کو اس معاملے میں جواب داخل کرنے کی ہدایت دی تھی۔ حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ ایسے افراد جنہوں نے کورونا ٹیکے کی دونوں خوراکیں نہیں لی ہیں۔ ان کو لوکل ٹرین اور پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
ریاستی حکومت کے ذریعے یہ فیصلہ دوسرے مسافروں کی زندگی کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے لیا گیا ہے۔ حلف نامہ میں کہا گیا ہے کہ ٹیکے کی دونوں خوراک نہ لینے والو ں کو پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے کی اجازت نہ دینا ان شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہے اور ناہی ان کے ساتھ کسی قسم کا تعصب کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے لمبے عرصے سے ممبئی کی لوکل ٹرین عام مسافروں کے لئے بند تھی، بعد میں فرنٹ لائن ورکروں کے لئے سروس شروع ہوئی اور اس کے بعد ویکسین کی دونوں خوارک لینے والوں کے لئے لوکل ٹرین اور پبلک ٹرانسپورٹ کی خدمات شروع کی گئی۔ ویکسین نہ لینے والوں کو پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کی اجازت نہ دیئے جانے کے خلاف بامبے ہائی کورٹ میں عرض داشت داخل گئی تھی، جس کی سنوائی بامبے ہائی کورٹ میں جاری ہے۔