چٹگوپہ بلدیہ کے چیف آفیسر محمد حسام الدین بابا کا مثالی کام، قابلِ ستائش اقدام
ہمناآباد: 23/دسمبر(ایس آر) چٹگوپہ بلدیہ کے چیف آفیسر محمد حسام الدین نے ایک مثالی کام کو انجام دیا ہے جس کی سماج میں ہر طرف سے ستائش کی جارہی ہے۔ تفصیلات کے بموجب ہمناآباد میں مانک نگر روڈ پر موجود جھونپڑ پٹی میں رہنے والے مزدور طبقہ کے بچے جو کہ سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرتے ہیں اور رات کے اوقات میں اسٹیریٹ لائٹ کی روشنی میں لکھتے پڑھتے ہیں، محنت و مشقت کے ذریعہ علم کی روشنی کو حاصل کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ ان بچوں کے پاس سردی سے بچنے کا کوئی ذریعہ نہیں ہے ان کے ماں باپ کی کمائی اس قابل نہیں ہے کے وہ اپنے بچوں کو گرم کپڑے مہیا کروائے۔
ہمناآباد سے گذرتے وقت محمد حسام الدین بابا کی نظر جب ان بچوں پر پڑی تو وہ فوری طور پر بچوں کے پاس جاکر تمام تفصیلات حاصل کی اور خود بازار جاکر ان بچوں کے لئے ایک شال اور ایک جیکٹ کا انتظام کیا اور ان بچوں کی حوصلہ افزائی کی اور مستقبل میں اپنی ہر ممکنہ مدد کا تیقن دیا اور سچی لگن سے تعلیم حاصل کرنے کی نصیحت کی۔ شال اور جیکٹ حاصل کر کے تمام طالب علم اور ان کے سرپرستوں نے خوشی ظاہر کی اور چیف آفیسر سے اظہار تشکر کیا۔