بیدرضلع بیدر سے

بیدر میں ماہِ ربیع الاول کے جلسے، جلوس اور محافلِ و جشنِ میلادالنبیؐ

ماہِ ربیع الاول کی آمد آمد کے بعد عاشقان رسول اللہ صلعم نے اپنی مسرت و خو شی کے اظہار کرتے ہوئے خیر مقدم کیا ہے۔ عاشقان رسول اللہ صلعم اپنے اپنے مکانات میں اور مختلف مساجد میں محفل میلادالنبیؐ کا انعقاد عمل میں لارہے ہیں۔ شہر میں مُختلف دینی و ملی تنظیموں کی جانب سے حسبِ روایتِ قدیم ماہِ ربیع المنور کے استقبال اور محافلِ میلاد النبیؐ ‘زیارتِ آثارِمبارکؐاور جلسوں اور جلوسوں کے انتظامات میں تیزی تو کہیں خاموشی دیکھی جارہی ہے۔ نبی خانہ مبارک بیدر میں یکم ربیع الاول تا12/ربیع الاول روزانہ بعد نمازِ عشاء محافلِ میلاد النبی ؐ کا زیر نگرانی صدر قاضی دارلقضاء ت بیدر انعقاد عمل میں آتا تھا۔ لیکن کویڈ19-وباء کے پیش نظر اس ماہ میں صرف 12/ربیع الاول کو ہی نبی خانہ بیدرمیں ایک روزہ مرکزی جلسہ ہونے کی اطلاع ہے۔

11/ربیع الاول بعد نمازِ عشاء تاریخی جامع مسجد بیدر میں جلسہ جشن رحمت العالمین ؐ کا انعقاد ہوگا۔ اس جلسہ سے ہند کے ممتاز عالم دین حضرت مولانا محمد عبیداللہ خان اعظمی سابق رکن راجیہ سبھا مخاطب کرنے کی اطلاعات ملی ہیں۔ 13/ربیع الاول کو بعد نمازِ عشاء کاروانِ ادب و مرکزی رحمتِ عالم کمیٹی کی جانب سے مدرسہ محمود گاوان کے دامن میں واقع مسجدمیں مرکزی جلسہ کایقینی طورپر انعقاد عمل میں آئے گا۔

8/ربیع الاول بعد نمازِ مغرب خانقاہِ ابوالفیض ؒ بیدر‘10/ربیع الاول بعد نمازِ عصر خانقاہِ قدم رسول رٹکل پورہ‘10ربیع الاول بعد نمازِ مغرب خانقاہِ حضرت اکمل پاشاہ‘10ربیع الاول بعد نمازِ عشاء خانقاہ حضرت ابن پاشاہ‘10ربیع الاول بعد نمازِ عشاء مکی مسجد اندورن شاہ گنج دروازہ 11/ربیع الاول بعد عصرتاعشاء درگاہ حضرت دادا پیر ؒ،‘11/ربیع الاول بعد نمازِ عشاء درگاہ حضرت ملتانی بادشاہ ؒ‘12/ربیع الاول بعد نمازِ فجرتامغرب خانقاہِ قطبِ ثانی ؒ رحمت لین‘12ربیع الاول بعد عصر لال دروازہ‘12/ربیع الاول بعد نمازِ عشاء نبی خانہ مبارک‘13/ربیع الاول بعد نمازِ عشاء مکی مسجد بیدرمیں زیارتِ آثارِ موئے مبارک ؐ، قدمِ رسولؐ اور دیگر آثارِ مبارک کی زیارت کااہتمام بصد عقیدت و احترام کیاجاتا ہے۔

12/ربیع الاول کی صبح کُل جماعتی مرکزی میلاد جلوس کی روایت ہے۔ اسی طرح اُردو ہال بیدر میں محمد علیم الدین فاؤنڈیشن کی زیرِ اہتمام خون کا عطیہ کیمپ‘ حکیم محمد مجیب الدین لقمان دواساز ہمدرد ایجنسی مدرس پورہ عثمان گنج‘ حکیم احمد محی الدین ربانی کی قیامگاہ موقوعہ رواہل گلی،منیار تعلیم،میں مفت طبی کیمپ کے علاوہ ادویات تقسیم کئے جاتے ہیں۔اس کے علاوہ جامعۃ الزہرہ‘مرکزی میلاد کمیٹی‘کے علاوہ درگاہ آستانہ قادریہ بگدل میں پیران طریقت ڈاکٹر خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری بگدلی سجادہ نشین کی نگرانی میں، بازار عام بگدل، ہلی کھیڑ، ہمناآباد، بسواکلیان، منااکھیلی، اوراد، بھالکی مُختلف مساجد اور دینی و ملی تنظیموں کی جانب سے الگ الگ تواریخ میں شاندار پیمانے پر جلسوں کا انعقاد عمل میں آتا ہے۔ جلسوں کو مُخاطب کرنے کیلئے ملک بھر سے نامور و ممتاز علمائے دین‘ وعظین اور مقررین‘ نعت خواں تشریف لاتے ہیں۔

مُختلف دینی تنظیموں کی جانب سے سرکاری و خانگی دواخانوں‘ بیدر ڈسٹرکٹ جیل میں مریضوں اور قیدیوں میں پھلوں اور شیرینی کی تقسیم کے علاوہ طعام کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ شہر کے چوراہوں اور ہر گلی کوچوں کو برقی قمقموں سے منور کیا جاتا ہے۔ ان جلسوں میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شرکت کرتے ہیں۔ عاشقان رسول اللہ صلعم نے اپنی سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف تنظیموں اور اداروں کی جانب سے مرکزی جلسوں کا اہتمام ومیلاد النبی صلعم وسیرت النبی صلعم کے عنوان سے کیا جاتا ہے جو بہت ہی عقیدت کی بات ہے لیکن مجاوروں وقبرستانوں اور اوقافی املاک کی خرید وفروخت میں ملوث ذمہ داروں کو بحیثیت صدر جلسہ یا مہمان خصوصی یا جلسہ کا صدر استقبالیہ، ناظم جلسہ بناکر سند دی جاتی ہے جو ایک نامعقول اور ناپسندیدہ حرکت ہے۔ ہونا تو یہ چاہیئے کہ قبرستانوں اور اوقافی املاک کی خرید و فروخت کرنے والے افراداوربے طہارت بے وضوافراد کا سماجی سطح پر بائیکاٹ ہو۔

پیرسپیروں کی ایک بڑی تعداد بن بلائے مہمان بن کر رونق شہ نشین ہوجاتی ہے منتظمین کو چاہیئے کہ ان پر کڑی نظر رکھیں۔ نسبتی اور غیر نسبتی افراد رنگ برنگی لبادے زیب تن کئے ہوئے رونق شہ نشین ہونے کے لئے ایک ماہ پہلے سے ہی اپنے آپ کو جلسوں کے منتظمین کو معقول ہدیہ دیکر اپنی تشہیر کے لے بے چین رہتے ہیں۔ ماہ ربیع الاول کے مقدس ترین پروگراموں کے لئے چندہ جمع کرنے والوں کی بابت ہمیشہ یہ دیکھنے کو مل رہاہے کہ سود ی کاروبار کرنے والوں سے بھی ان پروگراموں کے لئے چندا لیاجارہاہے۔ جس سے بچنا ہزار گنا بہتر ہے۔ ورنہ نیک کام کرتے ہوئے بھی گناہ لازم آئے گا۔

کورونا وباء کو یڈ19 کے پیش نظر مذکورہ تاریخوں میں ان تقریبات کو ذمہ دارن منعقد کرنے میں ثابت قدم رہتے ہیں یا کورونا وباء کو یڈ19 کا بہانہ بنا کر اپنے قدیم فرا ئض انجا م دینے میں غفلت و کوتاہی کرتے ہیں۔ (خصوصی رپورٹ: عبدالصمد منجووالا)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!