یوپی TET کا امتحان پرچہ لیک ہونے کیلئے حکومت اور انتظامیہ ذمہ دار: SDPI
لکھنو: 30/نومبر (پی آر) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا(SDPI) کے ریاستی صدر نظام الدین خان نے گزشتہ اتوار کو امتحان کا پرچہ لیک ہونے کی وجہ سے اتر پردیش ٹی ای ٹی امتحان 2021کو منسوخ کئے جانے کے ردعمل میں کہا ہے کہ اتر پردیش حکومت 21لاکھ سے زیادہ بے روزگار امیدواروں کے مستقبل کے ساتھ کھیل رہی ہے۔ حکومت اور انتظامیہ خود اس ناکامی کیلئے پوری طرح ذمہ دار ہیں اور یہ ریاستی حکومت کی بدانتظامی اور غلط انتظامیہ کی بہترین مثال ہے۔
لکھنو کے ایس ڈی پی آئی ریاستی دفتر سے جاری ایک پریس ریلیز میں انہوں نے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت میں امتحان کا پرچہ لیک ہونا، امتحان کی منسوخی اور نتائج میں تاخیر بہت عام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فروری 2018میں پاور کارپوریشن جے ای(JE) کا پرچہ لیک ہوا، اپریل 2018میں ریزرو سول پولیس(Reserve Civil Police Exam) کے امتحان کے دوران غلط پر چہ تقسیم کیا گیا۔ جولائی 2018میں ایل ایس ایس(Lower Subordinate Service) کے امتحان کا پرچہ لیک ہوا۔
ایسے امتحانات کے پیپز لیک ہونے جیسے سنگین جرائم انتظامی افسران کی ملی بھگت کے بغیر نہیں ہوسکتے کیونکہ سوال کاپرچہ ضلع ہیڈ کوارٹر پہنچنے کے بعد ضلع مجسٹریٹ، سپر نڈنٹنڈنٹ آف پولیس اور محکمہ تعلیم کے افسران کی ذمہ داری ہے کہ امتحان سے پہلے امتحان کے پرچے پر کوئی بھی ہاتھ نہیں ڈال سکے۔
ایس ڈی پی آئی ریاستی صدر نظام الدین خان نے سوال اٹھایا ہے کہ انتظامی افسران کو قصور وار کیوں نہیں ٹہرایا گیا ہے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کیوں نہیں کی گئی ہے؟۔ نظام الدین خان نے الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ اتر پردیش میں بدعنوانی اپنے عروج پر ہے، ٹی ای ٹی امتحان کا پیپر لیک ہونا بھی اسی کی ایک کڑی ہے۔