ہند نژاد پراگ اگروال ٹویٹر کے نئے سی ای او
جیک ڈورسی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے ٹویٹر چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ انہیں یقین ہے کہ کمپنی اپنے بانیوں سے آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔
ٹویٹر کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر (سی ٹی او) پراگ اگروال کمپنی کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ہوں گے۔ ٹویٹر نے پیر کو جاری کردہ ایک بیان میں یہ اعلان کیا ہے۔ مسٹر اگروال موجودہ سی ای او جیک ڈورسی کی جگہ لیں گے۔
ٹویٹر نے اعلان کیا کہ جیک ڈورسی نے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔بورڈ آف ڈائریکٹر نے متفقہ طور پر پراگ اگروال کو فوری اثر سے سی ای او اور بورڈ کا ممبر مقرر کیا ہے۔ جیک ڈورسی 2022 کے اسٹاک ہولڈرز کے اجلاس میں اپنی مدت ختم ہونے تک بورڈ کے ممبر رہیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پراگ اگروال ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے ٹویٹر سے منسلک ہیں اور 2017 سے سی ٹی او کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ واضح رہے انہوں نے سال 2011 میں ٹویٹر جوائن کیا تھا اور دس سال کی مدت میں وہ اس کے سی ای او بن گئے جو اپنے آپ میں ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔
دریں اثنا، جیک ڈورسی نے ایک بیان میں کہا، ’میں نے ٹویٹر چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ مجھے یقین ہے کہ کمپنی اپنے بانیوں سے آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔ ٹویٹر کے سی ای او کے طور پر، مجھے پراگ پر کامل بھروسہ ہے۔ پچھلے 10 سالوں میں ان کا کام تبدیلی کا باعث رہا ہے۔ میں ان کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ یہ ان کی قیادت کرنے کا وقت ہے‘۔
اگروال نے 2011 میں ممتاز سافٹ ویئر انجینئر کے طور پر ٹوئٹر جوائن کیا اور 2017 میں چیف ٹیکنالوجی آفیسر بن گئے ۔ 29 نومبر 2021 کو، جیک ڈورسی نے اعلان کیا کہ وہ ٹویٹر کے سی ای او کے عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں اور اگروال فوری طور پر ان کی جگہ لے رہے ہیں۔
اگروال ممبئی، مہاراشٹر، بھارت میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد ہندوستانی محکمہ جوہری توانائی میں ایک اعلیٰ عہدیدار تھے اور ان کی والدہ ایک ریٹائرڈ اسکول ٹیچر ہیں۔ اس نے اٹامک انرجی سنٹرل سکول نمبر 4 میں تعلیم حاصل کی۔ وہ گلوکارہ شریا گھوشال کے ہم جماعت تھے۔ اگروال نے ترکی میں منعقدہ 2001 کے بین الاقوامی فزکس اولمپیاڈ میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ انہوں نے 2000 میں مشترکہ داخلہ امتحان میں 77 واں رینک حاصل کیا، اور 2005 میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی بمبئی سے کمپیوٹر سائنس میں انڈرگریجویٹ ڈگری حاصل کی ۔ اگروال پھر کمپیوٹر سائنس میں پی ایچ ڈی کرنے کے لیے امریکہ چلے گئے۔
اگروال کی شادی ونیتا اگروال سے ہوئی ہے۔ وہ اینڈریسن ہورووٹز، ایک وینچر کیپیٹل فرم میں ایک جنرل پارٹنر ہے، اور “بائیولوجی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی قیادت کرتی ہے، بشمول علاج، تشخیص، اور ڈیجیٹل صحت”۔ ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔